روس کا اقوام متحدہ کی زیرنگرانی شام کے لئے نئے متفقہ دستور کی تیاری پرزور

جمعہ 7 جولائی 2017 16:37

روس کا اقوام متحدہ کی زیرنگرانی شام کے لئے نئے متفقہ دستور کی تیاری ..
پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2017ء) روس کے وزیرخارجہ سرگی لاروف نے شام کے لیے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی ایک نئے متفقہ دستور کی تیاری پر زور دیا ہے۔العربیہ نیوز کے مطابق روس کے وزیرخارجہ سرگی لاروف نے اپنے دورہ فرانس کے دوران فرانسیسی وزیرخارجہ جون ایف لوڈریان کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں نو فلائی زون بارے وہ امریکی تجاویز سے آگاہ نہیں۔

انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ شام میں نو فلائی زون کی اپنی تجاویز کی تفصیلات فراہم کرے۔انہوں نے امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں نو فلائی زون میں آنے والے علاقوں کی نشاندہی کریں مگر ہمیں اس حوالے سے ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پوری دنیا کے لئے مسئلہ اور مشترکہ دشمن ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں کسی ملک کو کوئی اعتراض یا اختلاف نہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس شام میں 2+2 کے فارمولے کے تحت بات چیت کی بحالی میں دلچسپی رکھتا ہے۔اس موقع پر فرانسیسی وزیرخارجہ جون ایف لوڈریان کا کہنا تھا کہ پیرس اور ماسکو شام کے کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کے معاملے میں ہم آہنگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شامی حکومت کو کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کے سابقہ معاہدوں کی مکمل پاسداری کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ فرانس روس کے ساتھ مل کر شام میں موثر اور بامقصد بات چیت کی بحالی کا خواہاں ہے۔ صدر ایمانویل میکرون جی 20 اجلاس کے دوران روسی صدرولادی میر پوٹن سے ملاقات میں انہیں اپنی تجاویز اور تحفظات سے آگاہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :