جماعت الاحرار کو سلامتی کونسل کی دہشت گردتنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں-ترجمان دفترخارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 7 جولائی 2017 16:28

جماعت الاحرار کو سلامتی کونسل کی دہشت گردتنظیموں کی فہرست میں شامل ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 جولائی۔2017ء)پاکستان نے کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کو سلامتی کونسل کی فہرست میں شامل کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے ایک جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کو سلامتی کونسل کی فہرست میں شامل کرنے کا خیر مقدم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی 1267 پابندی کمیٹی نے گذشتہ روز کالعدم تنظیم پرپابندی عائد کی تھی جبکہ کالعدم جماعت الاحرار کو پاکستان نے گذشتہ سال کالعدم قرار دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کالعدم جماعت الاحرار افغان صوبے ننگرہار سے پاکستان کیخلاف کارروائیاں کرتی ہے جبکہ یہ تنظیم پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1267 پابندی کمیٹی نے کالعدم تنظیم پرپابندی عائد کرتے ہوئے تنظیم کے اثاثے منجمد، سفری اور اسلحہ کی فراہمی پر پابندی عائد کیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سلامتی کونسل سے کالعدم تنظیم پردہشت گردی کے باعث پابندی کی درخواست کی تھی۔ خیال رہے کہ جماعت الحرار ٹی ٹی پی سے علیحدگی اختیار کرنے والا گروپ ہے جو پاک افغان سرحدی علاقوں میں سرگرم ایک شدت پسند تنظیم ہے، جس کی تشکیل اگست 2014 میں ٹی ٹی پی کے ایک سابق امیر کے ہاتھوں ہوئی، جس کے بعد جماعت الاحرار نے خطے میں عام شہریوں، مذہبی اقلیتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوجیوں کو نشانہ بنایا۔

جماعت الاحرار نے گذشتہ سال مارچ میں پشاور میں امریکی قونصلیٹ کے 2 پاکستانی ملازمین کو ہلاک کرنے کی ذمہ دار ہے، بعد ازاں اس گروپ نے رواں سال 27 مارچ کو ایسٹر کے موقع پر لاہور کے گلشن اقبال پارک میں خودکش دھماکا بھی کیا، جس میں 70 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے، جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔16 دسمبر 2104 کو پشاورکے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد گلشن اقبال پارک میں ہونے والا مذکورہ دھماکا پاکستان کی تاریخ کے بدترین حملوں میں سے ایک تھا۔