پھل کی مکھی پر قابوپانے کے لئے 30اضلاع میں منصوبہ تیزی سے جاری ہے،ڈی جی زراعت

بدھ 26 جولائی 2017 17:38

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2017ء) ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) سید ظفریاب حیدر نقوی نے کہا ہے کہ پھل کی مکھی پر قابوپانے کے لئے 30 اضلاع میں منصوبہ تیزی سے جاری ہے ، اس منصوبہ سے پھل کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور اس سے کاشتکار کو بہتر منافع ملے گا ، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے دس اضلاع میں امررود، دس اضلاع میں کینو اور دس اضلاع میں آم پر پھل کی مکھی کنڑو ل کررہے ہیں ،یہ چار سالہ منصوبہ ہے جو2019میںمکمل ہوگا ، انہوںنے کہا کہ پھل کی مکھی پر قابو پانے کے لئے زہر نہیں استعمال کیا جاتا،اسے مخصوص کمیکل کے ذریعہ قابو پایا جاتا ہے ، پھل کی مکھی پھلوں کو بہت نقصان پہنچاتی ہے اس لئے بروقت اس پر قابو پانا بہت ضروری ہے ،یہ منصوبہ اپنی مثال آپ ہے اس منصوبہ سے آم ،امردور، کینو کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ہوگا اور ہماری برآمدا ت بھی بڑھے گی ،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پھل خوش ذائقہ اور کم قیمت کی وجہ سے دنیا بھر میں پسند کئے جاتے ہیں ، اس طرح کے کسان دوست منصوبوں سے پاکستان کے پھل کی مانگ میں مزید اضافہ ہوگا،اس منصوبے سے کسان میں خوشحالی کی نئی لہر نے جنم لیا ہے اور کسانو ں نے محکمہ زراعت کے اقدامات کی ستائش کی ہے۔