تحریک انصاف کی قیادت کو رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے الزامات کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے ،ْ طارق فضل چوہدری

نوازشریف کے عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور2018میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گی ،ْ انٹرویو

بدھ 2 اگست 2017 22:18

تحریک انصاف کی قیادت کو رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے الزامات کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء اوررکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کو رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے الزامات کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔بدھ کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کو اپنی ہی جماعت کی خاتون رکن کے الزامات کی وضاحت کرنا چاہیے لیکن اس کے برعکس الزامات کی وضاحت پی ٹی آئی کا ترجمان کررہاہے حالانکہ الزامات عمران خان پر عائد کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عائشہ گلالئی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں خواتین کارکنوں کی عزت محفوظ نہیں، پی ٹی آئی کو ان الزامات کا سنجیدگی سے لینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے محمدنوازشریف کی قیادت میں ملک کو ترقی، خوشحالی اوراستحکام کی راہ پرگامزن کردیاہے۔گزشتہ چار برسوں میں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا، امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی جبکہ سی پیک جیسا ترقی اورخوشحالی کا میگا منصوبہ شروع کیا گیا جس سے ملک اورخطے کی تقدیر بدل جائیگی۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور2018میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گی۔