جماعت اسلامی کے تحت کے الیکٹرک کی لوٹ مار کیخلاف ’ون ملین پٹیشن ‘ دائر کر نے کی تیاریاں

شہر بھر میں کیمپ لگائے جائیں گے ،عوام سے پٹیشن فارم بھروائے جائینگے،8اگست کو دھر نا دیا جائے گا کے الیکٹرک کے مظالم ،زیادتیوں سے نجات اور عوام کو ان کا حق ملنے تک جدو جہد جاری رہے گی،حافظ نعیم الرحمن

جمعرات 3 اگست 2017 23:26

جماعت اسلامی کے تحت کے الیکٹرک کی لوٹ مار کیخلاف ’ون ملین پٹیشن ‘ دائر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2017ء) جماعت اسلامی کے تحت کے الیکٹرک کی اربوں روپے کی لوٹ مار،اووربلنگ ،لوڈشیڈنگ ،شہریوں سے ناانصافیوں اور زیادتیوں اور چھوٹے صارفین کے نرخوں میں اضافے کے خلاف سپریم کورٹ میں ’’ون ملین پٹیشن ‘‘ دائر کر نے کی تیاریوں میں تیزی آگئی ہے اس سلسلے میں 6,5اور 7اگست کو پانچوں اضلاع اور تمام زونز ز میں شہر کے اہم چوراہوں ،پبلک مقامات اور مساجد کے باہر کیمپ لگائے جائیں گے اور شہریوں سے پٹیشن فارم بھروائے جائیں گے ۔

احتجاجی کیمپوں میں اور جمعہ کے روز نماز ِ جمعہ کے بعد مساجد کے باہر کے الیکٹرک کے خلاف ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے جائیں گے ۔علاوہ ازیں کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں منگل 8اگست کو شام 5بجے شاہراہ قائدین نزد نورانی کباب ہائوس چورنگی پر عوامی دھر نا دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف تحریک اور پر امن جدو جہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہے ۔

کے الیکٹرک کے مظالم اور زیادتیوں سے نجات اور عوام کو ان کا حق ملنے تک جدو جہد جاری رہے گی ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 1سے 300یونٹ تک استعمال کر نے والے صارفین کے لیے نرخوں میں اضافہ غریب اور متوسط گھرانوں اور خاندانوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے اور یہ سفاکانہ عمل حکومت ،نیپرا اور کے الیکٹرک کی ملی بھگت سے ہو رہا ہے ۔ماضی میں بھی کے الیکٹرک نے حکومت اور نیپرا کی پشت پناہی سے ہی من مانی کی ہے اور جعل سازی کے ذریعے کراچی کے شہریوں سے تقریباً 200ارب روپے وصول کیے ہیں ۔

یہ رقم عوام کا حق ہے اور عوام کو واپس ملنی چاہئے ۔جماعت اسلامی کی جدو جہد سے کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور جعل سازیوں کا پردہ چاک ہو ا ہے ۔اب ہم سپریم کورٹ میں کراچی کے شہریوں کی جانب سے ون ملین پٹیشن دائر کریں گے ۔اس سلسلے میں پٹیشن فارم پر دستخطی مہم تیزی سے جاری ہے اور بہت جلد 10لاکھ افراد کا ہدف پورا کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی سے پورا شہر نالاں ہے اور کراچی کا ہر طبقہ اور ہر شہری متاثر ہے ۔جماعت اسلامی شہریوں کی آواز بنی ہے ۔عوام جماعت اسلامی کی جدو جہد میں شامل ہوں اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں پٹیشن فارم پر دستخط کریں ۔فتح عوام کی ہو گی اور عوام کو ریلیف ضرور ملے گا ۔

متعلقہ عنوان :