قطر اور عرب ممالک کے درمیان بحران کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کیا جائے،جاپان

مشرق وسطی میں امن و استحکام کے تحفظ کے لئے ضروری ہے کہ خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک اپنے باہمی تعاون کا تحفظ کریںبحران کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کیا جائے ، جاپان کویت کی ثالثی کے ساتھ تعاون کرتا ہے جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے کے خصوصی مشیر کینتارو سونورا کی قطری وزیر خارجہ سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 6 اگست 2017 21:00

قطر اور عرب ممالک کے درمیان بحران کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کیا جائے،جاپان
دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 اگست2017ء) جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے کے خصوصی مشیر کینتارو سونورا نے قطر اور بعض عرب ممالک کے درمیان درپیش بحران کو ڈائیلاگ کی مدد سے حل کرنے کی اپیل کردی ۔قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’کیو این اے ‘‘کے مطابق جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے کے خصوصی مشیر کینتارو سونورا نے قطر کا دورہ کیا اور دارالحکومت دوہا میں قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کے ساتھ ملاقات کی۔

مذاکرات میں وزیر خارجہ الثانی نے سونورا کو قطر اور عرب ممالک کے درمیان بحران اور ان ممالک کی قطر پر لگائی گئی پابندیوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سونورا نے کہا کہ مشرق وسطی میں امن و استحکام کے تحفظ کے لئے ضروری ہے کہ خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک اپنے باہمی تعاون کا تحفظ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بحران کے ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جاپان کویت کی ثالثی کے ساتھ تعاون کرتا ہے۔

واضح رہے کہ قطر اور بعض عرب ممالک کے درمیان بحران کا آغاز 5 جون کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے قطر کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات منقطع کرنے سے شروع ہوا۔مذکورہ 4 ممالک نے قطر پر پابندیاں لگائیں اور تعلقات کی بحالی کے لئے دوہا انتظامیہ کو 13 شقوں پر مبنی مطالبہ فہرست پیش کی۔تاہم قطر نے کہا تھا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے خلاف کسی بھی مطالبے کو قبول نہیں کرے گا۔

متعلقہ عنوان :