غیرمعیاری کولڈ ڈرنکس کی فروخت کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز 14 اگست سے کیا جائے گا

پیر 7 اگست 2017 16:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 اگست2017ء) ڈی جی فوڈاتھارٹی پنجاب نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی حدوداوراطراف میں غیرمعیاری کولڈ ڈرنکس فروخت کرنیوالوں کی دکانیں سیل اوردس لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائیگا، پھل اور سبزی فروشوں کو لائسنس کے ساتھ ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ غیرمعیاری کولڈ ڈرنکس کی فروخت کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز 14 اگست سے کیا جائے گاجس کے لئے سات سو سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، خلاف ورزی سامنے آنے پر ہرصورت قانون پر عملدرآمد کرایا جائے گا‘ مضر صحت کولڈ ڈرنکس سے بچوں کی نشوونما شدید متاثر ہو رہی ہے جسے بروقت کنٹرول کرنا نہایت ضروری ہے، پھل اورسبزی فروشوں کو لائسنس کا پابند بنانے کا مقصد پیسے کمانا یا صرف فیس حاصل کرنا نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد پھل، سبزی فروشوں کی ڈویلپمنٹ ہے تاکہ ان کو حفظان صحت کے اصولوں سے آگاہ کیا جا سکے، لائسنس کی فیس نہایت معمولی رکھی گئی ہے مگر اس کی مدد سے ہمارے پاس ڈیٹا موجود ہو گا کہ کتنے لوگ اس پیشے سے وابستہ ہیں اور ان کی ٹریننگ بھی کرائی جائے گی۔