میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ 20اگست کو ہوگا،امیدواروں کو رول نمبرز جاری

شہروں میں28مراکز قائم، 5500 سے زائد امتحانی عملہ تعینات، سینئر بیورو کریٹس نگرانی کرینگے ٹیسٹ اڑھائی گھنٹے جاری رہے گا، امیدوار صبح 8بجے تک اپنے اپنے امتحانی مراکز میں پہنچ جائیں‘ترجمان یو ایچ ایس

جمعہ 18 اگست 2017 17:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) پنجاب کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ 20اگست کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام بیک وقت 13شہروں میںقائم28مراکز پر ہوگا۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت نے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی سیکریٹریز، بورڈ آف ریونیو کے ممبرز، ڈویژنل کمشنرز، اور ڈپٹی کمشنرز سمیت سینئر بیوروکریٹس انٹری ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کا کام سرانجام دیں گے جبکہ سینئر میڈیکل پروفیسرز امتحانی مراکز کے انچارج ہوں گے ۔

یو ایچ ایس کے ترجمان کے مطابق اس سال65ہزار امیدواروں کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے رول نمبرز جاری کردیے گئے ہیں جن میں سے 41ہزار طالبات اور 24ہزار طلبہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

صوبے کے 13شہروں میں 28مراکز قائم کیے گئے ہیں۔جن میں5500سے زائد نگران عملہ امتحانی فرائض سر انجام دے گا۔ ان شہروں میں لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، سرگودھا، راولپنڈی، حسن ابدال، گجرات، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور سیالکوٹ شامل ہیں۔

انٹری ٹیسٹ کا سوالیہ پرچہ کل220معروضی سوالات پر مشتمل ہوگا جس میں بیالوجی کی88سوالات، کیمسٹری کے 58سوالات، فزکس کے 44سوالات اور انگریزی 30سوالات ہوں گے۔ پرچہ حل کرنے کیلئے امیدوارو کو اڑھائی گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ اس کے بعد تمام امیدواروں کو رجحان اور فیڈ بیک سے متعلقہ سوالات کے جواب دینے ہوں گے جن کے کوئی نمبر نہیں ہوں گے ۔اس کیلئے مزید آدھے گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔

ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق ٹیسٹ ٹھیک صبح9بجے شروع ہوگا تاہم تمام امیدوارں کا صبح 8بجے تک اپنے اپنے امتحانی مرکز پہنچنا ضروری ہے کیونکہ سوا آٹھ بجے تمام مراکز سیل کردیے جائیں گے اور اس کے بعد کسی کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ لاہور میں انٹری ٹیسٹ کے لیے 8مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جن میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے امتحانی مراکز بمقام لارنس روڈ، پنجاب یونیورسٹی ایگزامینیشن ہالز وحدت روڈ ، گورنمنٹ کمپری ہینسووگرلز ہائی سکول وحدت روڈ ، گورنمنٹ کالج آف سائنس وحدت روڈ، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی جیل روڈ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹائون شپ، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن سمن آباد لاہور اور ڈویژنل پبلک سکول ماڈل ٹائون کے مراکز شامل ہیں۔

لاہور سے تقریباً 19ہزار امیدوار انٹری ٹیسٹ میں شرکت کررہے ہیں۔پنجاب کی17سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 3405جبکہ3سرکاری ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 216نشستیں ہیں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی سے الحاق شدہ21 پرائیوٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی تقریباً 2590جبکہ9پرائیوٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 555نشستیں ہیں۔ حکومت پنجاب نے انٹری ٹیسٹ کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔

ان انتظامات کیلئے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔ تمام بڑے مراکزپر واک تھرو گیٹ اور موبائل جامرز نصب کیے جارہے ہیں۔ٹیسٹ والے دن تمام مراکز پر دفعہ144نافذ کی جائے گی۔ ساتھ آنے والے والدین اور دیگر عزیز و اقارب کے بیٹھنے کیلئے امتحانی مراکز کے قریب شامیانوں اور کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیکورٹی، ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور پارکنگ کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پنجاب حکومت نے انٹری ٹیسٹ کے بہترین انتظامات کیلئے صوبے کے تمام متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ ٹیسٹ والے دن امیدواروںکو اپنے ساتھ صرف نیلا بال پوائنٹ پین اور کلپ بورڈ لانے کی اجازت ہوگی۔ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق اس سال امیدواروں کو مخصوص کیو آر کوڈ والے ایڈمیٹنس کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔