گورنر خیبر پختونخوا سے پاکستان میں متعین اقوام متحدہ کے ادار ے یو این آپس کے وفد کی ملاقات

کنٹری منیجر ،محمد شلابی نے فاٹا میں انفراسٹرکچرکی سہولیات کو بہتر کرنے کیلئے معاونت کی پیشکش کردی فاٹا کے عوام نے حالیہ برسوں میں امن و استحکام کیلئے بے انتہاقربانیاں دی ہیں، حکومت کی بھرپور کوشش ہے انہیں وہ تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی جن کے وہ مستحق ہیں ،گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا کی ملاقات میں گفتگو

جمعہ 18 اگست 2017 20:11

گورنر خیبر پختونخوا سے پاکستان میں متعین اقوام متحدہ کے ادار ے یو این ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا سے پاکستان میں متعین اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پراجیکٹس اینڈ سروسز(یو این آپس) کے وفد کی گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات ،وفد کی سربراہی ادارے کے کنٹری منیجر ،محمد شلابی کر رہے تھے جنہوں نے گورنر کوپاکستان میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے اپنے ادارے کی خدمات اورکارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے ،فاٹا میںبھی معاونت کرنے کی پیشکش کی،اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ فاٹا کے عوام نے خاص طور پر حالیہ برسوں کے دوران ملک میں امن و استحکام کے لئے بے انتہاقربانیاں دی ہیں،اور حکومت کی یہ بھرپور کوشش ہے کہ انہیں وہ تمام ترسہولیات مہیا کی جائیں گی جن کے وہ مستحق ہیں۔

اجلاس کے دوران یو این آپس کے کنٹری منیجر نے گورنرکو اپنے ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یواین آپس اقوام متحدہ کی زیر سر پرستی کام کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فاٹا میں بھی انفراسٹرکچرکی سہولیات کو بہتر کرنے، پروکیورمنٹ کے عمل کو فعال بنانے،اداروں کی صلاحیت کار کو تقویت دینے اورتعمیروترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کے سلسلے میں بھی مددکرنے کی پیش کش کی۔گورنر خیبرپختونخوا نے یواین آپس کی کارکردگی کوسراہا اور کہا کہ فاٹا سیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام کی جانب سے فاٹا میں ممکنہ سہولیات واقدامات لانے میںیو این آپس کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنایا جا ئے گا۔