خیبرپختونخوا ،ْڈینگی متاثرین کی تعداد 3ہزار تک پہنچ گئی ،ْ

چار سو سے زائد مریض صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ایبٹ آباد کے ڈینگی وارڈ میںزیرعلاج ڈینگی وائرس سے متاثرہ خاتون سمیت2افراد جاں بحق مریضوں کے لواحقین نے صوبائی محکمہ صحت کے ذمہ داروں سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ پشاور میں ڈینگی بے قابو ہوکر سینٹرل جیل پشاور پہنچ گیا ،ْ سات افرادمتاثر ،ْقیدیوں میں خوف وہراس پھیل گیا جیل میں طبی سہولیات کے فقدان کے باعث تاحال قیدیوں کا تشخیصی ٹیسٹ نہ کرایا جاسکا

پیر 28 اگست 2017 15:21

پشاور /ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2017ء) خیبر پختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 ہزار تک پہنچ گئی ہے ،ْ اس وقت 400 سے زائد مریض صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق31نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2994 ہوگئی ۔

ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق ڈینگی بخار میں مبتلا 443 مریض اس وقت صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ادھر ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے ڈینگی وارڈ میںزیرعلاج ڈینگی وائرس سے متاثرہ خاتون سمیت2افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔جاں بحق ہونے والے دونوں مریضوں کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی میڈیا منیجرامبر جاوید کے مطابق ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں اس وقت 6مریض زیرعلاج ہیں ،ْڈینگی وائرس سے متاثرہ ہری پور کی رہائشی خاتون ثمینہ اورجمیل جاں بحق ہوئے ،ْڈینگی وارڈ میں مریضوں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاہم اس حوالہ سے مریضوں کے لواحقین نے بتایا کہ وارڈ میں ڈینگی وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کو ہسپتال میں خاطر خواہ سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیںجس کے باعث وائرس سے متاثرہ مریضوں کی حالت مزید بگڑرہی ہے۔

(جاری ہے)

مریضوں کے لواحقین نے صوبائی محکمہ صحت کے ذمہ داروں سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر ڈینگی مرض بے قابو ہو کر سینٹرل جیل پشاور پہنچ گیا ،ْ سینٹرل جیل میں اب تک 7 قیدیوں میں ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے لگیں ۔جیل میں طبی سہولیات کے فقدان کے باعث تاحال قیدیوں کا تشخیصی ٹیسٹ نہ کرایا جاسکا۔جیل ذرائع کے مطابق پشاور میں پھیلتی ڈینگی کی وبا کے پیش نظر جیل میں ڈینگی اسپرے تاحال نہیں کیا گیادوسری جانب ڈپٹی کمشنر ثاقب کا کہنا ہے کہ مرحلہ واراسپرے کیا جارہا ہے جیل کی باری ابھی نہیں آئی۔