کپاس کوبارشوں سے محفوظ بنانے کیلئے محکمہ زراعت کی آگہی مہم جاری

جمعہ 1 ستمبر 2017 16:43

کپاس کوبارشوں سے محفوظ بنانے کیلئے محکمہ زراعت کی آگہی مہم جاری
لاہور۔1ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2017ء) ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ پا کستان دنیا میں کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے اور ملکی مجموعی پیداوار کا تقریباً 75فیصد حصہ پنجاب میں پیدا ہوتا ہے، کپاس اور اس کی مصنوعات کے ذریعہ ملک کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے، کپاس کی بہتر نگہداشت اور اسے بارشوں سے محفوظ بنا کرزیادہ پیداوار کا حصول ممکن ہے، کاشتکار ہفتہ میں دو بار پیسٹ سکائونٹنگ کریں،اس کے بعد اگر کیڑوں کاحملہ معاشی نقصان کی حدسے زیادہ ہوتو محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے نئی کیمسٹری کی حامل زرعی زہروں کا سپرے کریں، ترجمان نے مزید کہاکہ سفید مکھی،سبزتیلا، تھرپس،گلابی سنڈی،ملی بگ،لشکری سنڈی کی پاپولیشن پر خصوصی توجہ رکھیںاور اس بارے مقامی زرعی ماہرین سے رابطہ رکھیں،کاشتکار موسمیاتی تبدیلی اور موسم کی پیش گوئی پر بھی نظر رکھیں،کپاس کی آ بپاشی ضرورت کے مطابق کریں،بارش کی صورت میں کھیتوں میں پانی نہ کھڑا ہونے دیں،اگر کپاس کے کھیتوں میں24گھنٹے پانی کھڑا رہے تو فصل کی نشوو نما رک جاتی ہے،اس لئے پانی کے نکاس کا انتظام کرنا حد ضروری ہے،اگر پانی کے نکاس کے بعد اگر فصل پیلی ہوتوزمین وتر پر آنے کے بعدیوریاکا دو فیصد محلول بناکر سپرے کریں اور ضرورت پڑنے پریوریا کا 15دن بعد سپرے دوبارہ کریں،زیادہ پھول کے لئے زنک سلفیٹ250گرام،یورک ایسڈ200گرام،مگنیشیم سلفیٹ300گرام ہزار لیٹر پانی میں ملا کرفی ایکٹر سپرے کریںجبکہ پھل کے سپرے سے بچائواور مناسب نشوونماکے لئے پوٹاشیم نائٹریٹ یا پوٹاشیم سلفیٹ 2فیصدمحلول13تا15دن کے وقفہ سے کریں،ترجمان نے مزید کہا کہ کپاس کو بارشوں سے محفوظ بنانے کے لئے بر وقت اقدامات کئے جائیں،اس حوالے سے محکمہ زراعت نے کسانوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے آگہی مہم شروع کر رکھی ہے، ترجمان نے مزید کہاکہ کپاس حساس فصل ہونے کی وجہ سے بارشوں اور ہوا میں موجود نمی سے زیادہ متاثر ہوتی ہے، کپاس کی فصل کیلئے زیادہ بارشیں پیداوار پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں، کپاس کی 90 فیصد سے زائد کاشت جنوبی پنجاب میں ہے۔