محکمہ زراعت نے باسمتی دھان کے پیداواری مقابلہ کا اعلان کر دیا

جمعرات 14 ستمبر 2017 15:12

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء)محکمہ زراعت نے باسمتی دھان کے پیداواری مقابلہ کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت بہترین پیداوار کے حامل کاشتکاروں کو لاکھوں روپے کی زرعی مشینری بطور انعام دی جائے گی۔ محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ دھان کے پیداواری مقابلہ کیلئے فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ ، شیخوپورہ ، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، نارووال، منڈی بہائوالدین، بہاولنگر، پاکپتن، مظفرگڑھ، قصور، گجرات، وہاڑی، ساہیوال، خوشاب، سرگودھا اور خانیوال کے کاشتکار حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔

انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں کاشتکار درخواست فارم کے حصول کیلئے متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اور زراعت آفیسر زراعت (توسیع) کے دفاتر سے رابطہ کر کے فارم آج 15ستمبر تک مفت حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ درخواست فارم محکمہ زراعت کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pkسے ڈائون لوڈ بھی کئے جا سکتے ہیں جبکہ د رخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔

انہوںنے بتایاکہ اس مقابلہ میں حصہ لینے والے کاشتکار پانچ ایکڑ متصل فصل جس میں باسمتی دھان کی منظور و تصدیق شدہ قسم باسمتی سپر / باسمتی 515- کی کاشت ہو کو پیش کریں گے۔ انہوںنے بتایاکہ باسمتی دھان کے پیداواری مقابلہ جات ضلعی و صوبائی سطح پر منعقد کئے جائیں گے جبکہ ان پیداواری مقابلہ جات سے دھان کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی سمیت دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ بھی یقینی ہو سکے گا۔