سندھ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر ہو ئی ہے، سید مراد علی شاہ

اتوار 1 اکتوبر 2017 20:00

حیدرآبادیکم اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2017ء) وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر ہو ئی ہے تاہم بعض خدشات و اطلاعات کی وجہ سے موبائل فون سروس معطل کرائی گئی اور کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ، عوام کو جو مشکلات ہو ئیں اس پر معذرت خواہ ہوں ، احتساب سے بالاتر کوئی نہیں ہے ،عذیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ سامنے لانے میں کوئی حرج نہیں ، چاقو مار شخص جلد پکڑا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں یوم عاشور کے جلوس کے دورہ کرنے اور امن و امان کا جائزہ لینے کے بعد تلک چاڑھی کے قریب میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال ، صوبائی وزراء جام خان شورو ، امداد پتافی ، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ بھی تھے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی حیدرآباد خادم حسین رند اور ایس ایس پی حیدرآباد پیر محمد شاہ نے وزیر اعلیٰ کو امن و امان اور حفاظتی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے میڈیا کے سوالات کے جوابات میں کہاکہ سندھ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر ہو ئی ہے تاہم جس ماحول میں ہم رہ رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے بعض خدشات و اطلاعات کی وجہ سے موبائل فون سروس معطل کرائی گئی اور کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے، سندھ بھر میں عاشورہ کے جلوس و مجالس پرامن ماحول میں روایتی طور پر جاری ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی اور نوابشاہ کا میں نے دورہ کیا ہے کراچی میں بوہری جماعت کے روحانی پیشوا کی آمد ہوئی، دس دن سے بوہری جماعت کی مجالس جاری رہیں جن میں یومیہ 50ہزار کے قریب لوگ شریک ہو ئے جن میں 25ہزار سے زیادہ لوگ بیرونِ ملک سے آئے تھے یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی میں اگر احتساب کمیشن کے قوانین میں تبدیلی کی جاتی ہے تو یہ پارلیمنٹ بہتر سمجھتی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ مجھ سمیت احتساب سے کوئی بالاتر نہیں ہے سب کا احتساب ہو نا چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ جاری کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے کراچی میں چاقو مار شخص کی گرفتاری جلد کرلی جائے گی -

متعلقہ عنوان :