معاشی ترقی کے عمل میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے متعدد ٹھوس عملی اقدامات کئے گئے ‘حمید ہ وحید الدین

وویمن ایکسپو کے انعقاد سے کاروباری خواتین کو اپنی مصنوعات متعارف کروانے کے لئے ایک پلیٹ فارم میسر آسکے گا‘ صوبائی وزیر

جمعہ 13 اکتوبر 2017 17:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے عمل میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے متعدد ٹھوس عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ ہیرٹیج میوزیم دی مال روڈ لاہور پر محکمہ ترقی خواتین ، پنجاب سرمایہ کاری و تجارت بورڈ اور انوسٹمنٹ کلائی میٹ ری فارم یونٹ کے زیر اہتمام پہلی تین روزہ وویمن ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہی تھیں- اس موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اور طالبات بھی موجود تھیں- حمیدہ وحیدالدین نے کہا کہ مضبوط معیشت کے بغیر ملکی معاشی استحکام ممکن نہیں ہے - حکومت کے ویژن کے مطابق خواتین کی معاشی ترقی کو وویمن پیکیج میں شامل کیا گیا ہی- انہوں نے کہا کہ آج خواتین کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے - حکومت نے خواتین کے کردار کی اہمیت کے پیش نظر اہم عملی اقدامات کئے ہیں - انہوں نے کہا کہ آج خواتین بنکنگ ، تعلیم ، صحت ، افواج ، پولیس اور دیگر شعبوں میں اہم خدمات سرانجام دے رہی ہیں-حمیدہ وحیدالدین نے کہا کہ وویمن ایکسپو کا انعقاد وویمن ایمپاورمنٹ کی طرف ایک اہم قدم ہے اس سے کاروباری خواتین کو اپنی مصنوعات متعارف کروانے کے لئے ایک پلیٹ فارم میسر آسکے گا - صوبائی وزیر نے بعدازاں نمائش میں لگائے جانے والے 34سٹالوں کا دورہ کیا اورمختلف اداروں جن میں لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی، نیشنل کالج آف آرٹس، گورنمنٹ اپوا کالج برائے خواتین ، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن ، پنجاب سمال انڈسٹریز،وویمن چیمبرز ، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹیوٹا، صوبائی کمیشن برائے خواتین اور دیگر شامل ہیں کی مصنوعات کے معیار کو سراہا-تقریب سے ملیحہ بنگش، فلاحت عمران ، ثمن مشتاق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔