پنجاب میں 50ہزار ایکڑ رقبہ پر کینولا کی کاشت کا ہدف مقرر

پیر 16 اکتوبر 2017 15:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) محکمہ زراعت پنجاب نے تیلدار اجناس کی کاشت کے فروغ کے لیے 50ہزار ایکڑ رقبہ پر کینولا کی کاشت کاہدف مقرر کردیا ۔کینولا کی کاشت کے ہدف کے حصول کے لیے محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے بھرپور اقدامات شروع کر دیئے گئے ۔محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان ہارون احمد خان نے بتایاکہ محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں میں کینولا کی افادیت اور منافع بخش کاشت بارے شعور اجاگر کرنے اور پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے مختلف اضلاع میں سیمینارز کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ پنجاب حکومت کینولہ کے کاشتکاروں کے لیے کسان پیکج کے تحت سبسڈی بھی دے رہی ہے ۔

یہ سبسڈی بذریعہ وائوچرز 5 ہزار فی ایکڑ کے حساب سے دی جائے گی جبکہ رجسڑڈ کاشتکاروں کو یہ سبسڈی 10ایکڑ تک فراہم کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

کینولا کی کاشت کے فروغ کے حوالے سے سیمینارز میں زرعی ماہرین ، محققین ،کسان کے منتخب نمائندے ، اراکین اسمبلی اور محکمہ زراعت کے افسران کسانوں کو کینولا اگانے کی ترغیب دیتے ہیں۔ترجمان نے اے پیپی کو بتایاکہ پنجاب میں 50 ہزار ایکڑ رقبہ پر کینولا کی کاشت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے محکمہ زراعت سرگرم عمل ہے ۔تیل دار اجناس کی کاشت کے فروغ کے لیے ہر سطح پر منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔کاشتکاروں میں کینولا کی کاشت میں اضافہ کے لیے ہر قسم کی معاونت کی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :