وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

پی آئی اے سی ایل کی کمرشل باروئنگ گارنٹی کی حد بڑھانے اور گندم کی کم از کم امدادی قیمت 1300 روپے فی من کی سطح پر برقرار رکھنے کی منظوری

بدھ 1 نومبر 2017 22:55

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ..
اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 نومبر2017ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پی آئی اے سی ایل کی کمرشل باروئنگ گارنٹی کی حد بڑھانے اور گندم کی کم از کم امدادی قیمت 1300 روپے فی من کی سطح پر برقرار رکھنے کی منظوری دے دی۔ ای سی سی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ ای سی سی نے پی آئی اے سی ایل کی کمرشل باروئنگ گارنٹی کی حد 13.585 ارب روپے تک بڑھانے کی تجویز کی منظوری دی۔

شہداء کے خاندانوں کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ای سی سی نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے سیکنڈ شیڈول کی شق (6) پارٹ III اور شق (36A) پارٹ فور میں ’’اینڈ شہداء فیملی ویلفیئر اکائونٹ‘‘ کے الفاظ شامل کرنے سے متعلق تجویز کی بھی منظوری دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی فصل برائے 2017-18ء کے لئے کم از کم امدادی قیمت گزشتہ سال کی سطح پر برقرار رکھنے کی منظوری دی جو 1300 روپے فی من ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فاٹا کے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے لئے اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کو پاسکو سے 20 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی بھی منظوری دی۔ ای سی سی نے امینہ گیس فیلڈ سے 8 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور عائشہ نارتھ فیلڈ سے 6.8 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سوئی سدرن گیس کمپنی کے لئے مختص کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سارہ اور سوری فیلڈز کے متعلق 1986ء کے رولز برائے ترقی و پیداوار لیز کے رول 43 سے استثنیٰ دینے کی بھی منظوری دی۔

علاوہ ازیں مبارک بلاک نمبر 2764-4 اور گمبٹ بلاک نمبر 2668-4 کے لئے فیلڈ ڈویلپمنٹ پلان اور گرانٹ آف ڈویلپمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کی اس تجویز کی منظوری دی کہ 83.2 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کو مختص کی جائے کیونکہ اس کا نیٹ ورک پہلے ہی علاقے میں موجود ہے اور اس بلاک سے گیس پہلے ہی اس کمپنی کو فراہم کی جارہی ہے۔

ای سی سی نے مچائک ۔ تارو جبہ آئل پائپ لائن پروجیکٹ کی بی او ٹی کی بنیاد پر تعمیل سے متعلق تجویز کی منظوری دی۔ جس کے تحت لاہور سے پشاور تیل فراہم کیا جائے گا۔ اس پائپ لائن کی تعمیر سے تیل کی آسان اور سستی ٹرانسپورٹیشن ممکن ہوگی۔ ای سی سی نے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس اور پنشنرز بینفٹ اکائونٹس سے ڈیٹ پر منافع وصول کرنے والوں کے لئے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کی سیکشن 7 بی کی پروویژنز سے استثنیٰ کی بھی منظوری دی۔