مجھے سمجھ نہیں آتی کہ کس چیز کے لئے پیشیاں بھگت رہا ہوں، کیا مجھے ملک سے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، آصف زرداری کسی اور کو خوش کرنے کے لئے مجھے گالیاں دے رہے ہیں

مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی احتساب عدالت کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے کمرہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو

جمعہ 3 نومبر 2017 13:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ کس چیز کے لئے پیشیاں بھگت رہا ہوں، کیا مجھے ملک سے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو احتساب عدالت کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے کمرہ عدالت میں میڈیا نمائندوں نے نوازشریف سے سوال کیا کہ آج 3 نومبر ہے اور اس دن ہی پرویز مشرف کی جانب سے ایمرجنسی لگائی گئی تھی، آپ عدالت میں ہیں اور پرویز مشرف بیرون ملک ہیں، اس بارے میں آپ کا کیا کہنا ہے۔

اس پر نواز شریف نے کہا کہ جو صورتحال اس وقت ہے، اس سے مجھے ایسا لگتا ہے کہ مجھے سی پیک کی سرمایہ کاری اور کراچی میں امن لانے کی سزا دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے جو کچھ کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ کس چیز کے لئے پیشیاں بھگت رہا ہوں ،کیا یہ کرپشن کیس ہی کسی سے کک بیکس وصول کئے یا ٹھیکے میں پیسے لئی انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کیا جس سے ملک میں ریکارڈ ترقی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج تاریخ میں کبھی اتنی بلند سطح پر نہیں گئی۔ انہوں نے آصف زرداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی اور کو خوش کرنے کے لئے مجھے گالیاں دے رہے ہیں۔