امریکہ نے شمالی کوریا کو دہشت گردی کی معاون ریاستوں میں شامل کرنے پر غورشروع کردیا

جمعہ 3 نومبر 2017 22:10

امریکہ نے شمالی کوریا کو دہشت گردی کی معاون ریاستوں میں شامل کرنے پر ..
پیانگ یانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2017ء) امریکہ نے شمالی کوریا کو دہشت گردوں کی معاونت کرنیوالے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنا شروع کردیا ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ایچ آر میک ماسٹر نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے باعث بڑھتے ہوئے خطرات کے تدارک کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے امریکہ شمالی کوریا کو دوبارہ سے دہشت گردوں کی معاونت کرنے والی ریاستوں کی فہرست میں شامل کر سکتا ہے۔

امریکی صدر کے جمعہ سے شروع ہونیوالے 5 ایشیائی ممالک کے دورے سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایچ آر میک ماسٹر نے کہا کہ شمالی کوریا کے حوالے سے امریکی پالیسی سے متعلق جلد کچھ نیا سننے کو ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایشیائی خطے کا پہلا 12 روزہ باضابطہ سرکاری دورہ کر رہے جس میں وہ جاپان، جنوبی کوریا، چین، فلپائن اور ویت نام کی قیادت سے ملاقاتوں میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر خصوصی توجہ دیں گے۔

انہوں نے رواں برس فروری میں ملائیشین ایئرپورٹ پر قتل ہونیوالے شمالی کورین رہنما کم جانگ اٴْن کے سوتیلے بھائی کم جانگ نم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی اس کارروائی پر شمالی کوریا کو ایران، شام اور سوڈان کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کم جانگ نم کے قتل کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کو دہشت گردوں کی معاون ریاست کی فہرست میں شامل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :