پنجاب حکومت کی 56 کمپنیوں میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کیخلاف تمام درخواستیں سماعت کیلئے منظور

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت ،دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28نومبر تک تفصیلی جواب طلب کر لیا

پیر 6 نومبر 2017 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی 56 کمپنیوں میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کیخلاف تمام درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28نومبر تک تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی ۔

محمد اظہر صدیق سمیت دیگر درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ 8سالوں میں 56 کمپنیاں بنائیں جس میں ٹرانسپورٹ اور صاف پانی سمیت دیگر شامل ہیں،آئین کے آرٹیکل 140اے کے تحت جو کام کمپنیز کو سونپے گئے وہ بلدیاتی نمائندوں نے کرنے تھے،حکومت پنجاب نے من پسند افراد کو نوازنے کے لیے لاکھوں روپے کی تنخواہوں اور مراعات دیکر قواعد ضوابط کے خلاف بھرتیاں کی گئیں، 80 ارب سے زائد کرپشن بھی ہوئی لیکن ان کمپنیز کا آڈٹ بھی نہیں کروایا گیا۔

(جاری ہے)

صاف پانی کمپنی میں غیر قانونی بھرتیاں کی گئی اور بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں کی گئی ہیں۔ درخواست گزاروں کی جانب سے عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی کہ کمپنیز میں کرپشن کے حوالے سے نیب کو از سر نو تحقیقات اور عدالتی حکم تک کمپنیز کو کام سے روکنے کا حکم جاری کرے۔فاضل عدالت نے تمام درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :