پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سیاسی مذاکرات کا چوتھا سیشن منعقد

یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس سکیم کیلئے پاکستان کی حمایت اور جمہوری استحکام، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری کے شعبوں میں یورپی یونین کے تعاون کو سراہتے ہیں،سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ

بدھ 8 نومبر 2017 21:06

پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سیاسی مذاکرات کا چوتھا سیشن منعقد
اسلام آباد۔8نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2017ء) پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سیاسی مذاکرات کا چوتھا سیشن بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی نمائندگی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ جبکہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروسز جین کرسٹوف بلیرڈ نے یورپی یونین کی نمائندگی کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے جی ایس پی پلس سکیم کیلئے پاکستان کی حمایت اور جمہوری استحکام، گورننس، قانون کی حکمرانی، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، انسانی حقوق اور مائیگریشن کے شعبوں میں کام کرنے والے پاکستانی اداروں کے ساتھ یورپی یونین کے تعاون کو سراہا۔

پاکستان سے قانونی ہجرت کرنے والے شہریوں کیلئے تعاون اور ویزا سہولت کا معاملہ بھی یورپی وفد کے ساتھ زیر بحث لایا گیا جبکہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین موجودہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

یورپین وفد کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، افغان مصالحتی عمل، سارک، ایکو اور وسط ایشاء کے ساتھ روابط کے علاوہ پاک۔بھارت تعلقات کے حوالہ سے بریف کیا گیا۔ یورپین وفد نے امن و سیکورٹی میں پاکستان کی کامیابیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ اور غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔ یورپین وفد نے باہمی تعاون اور دوطرفہ رابطوں کو مزید وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔