مسور کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی نہایت ضروری ہے، محکمہ زراعت پنجاب

جڑی بوٹیوں کی تلفی گوڈی اور جڑی بوٹی مار زہروں کے استعمال سے کی جا سکتی ہے، ترجمان

جمعہ 17 نومبر 2017 15:54

راولپنڈی/ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق مسور کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی نہایت ضروری ہے۔ جڑی بوٹیوں کی تلفی گوڈی اور جڑی بوٹی مار زہروں کے استعمال سے کی جا سکتی ہے۔ جڑی بوٹیاں مسور کی فصل کا بہت زیادہ نقصان کرتی ہیں کیونکہ یہ مسور کے کمزور پودوں کو دبا لیتی ہیں۔

اگر فصل میں جڑی بوٹیاں اگ آئیں تو پہلی گوڈی فصل اگنے کے 30 تا 40 دن بعد اور دوسری گوڈی فصل اگنے سے 70 تا 80 دن بعد کریں۔ فصل پر پھول آنے سے پہلے کھیت جڑی بوٹیوں سے پاک ہونا چاہیے تاکہ تمام زرخیزی اور وتر مسور کے پودوں کے کام آئیں اور زیادہ پیداوار حاصل ہو۔ کیمیائی طریقہ سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے پینڈی میتھلین بحساب 1 لٹر فی ایکڑ150لٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔

(جاری ہے)

زہر سطح زمین پر تر وتر کی موجودگی میں اثر کرتی ہے اس لیے صرف وتر کی موجودگی میں ہی سپرے کریں۔مسور کے لئے زیادہ آبپاشی درکار نہیں ہوتی اور فصل بارشوں سے ہی پک جاتی ہے۔ بصورت دیگر مسور کی فصل کو دو پانی درکار ہوتے ہیں۔ پہلا پانی پھول نکلنے سے پہلے اور دوسرا پھلیاں بننے پر دیں جس سے پھول اور پھلیاں زیادہ لگتی ہیں اور دانے موٹے بنتے ہیں۔ دسمبر ،جنوری کے مہینوں میں سخت سردی میں مسور کے پودوں کی نشوونما رک جاتی ہے اور بعض اقسام کا رنگ ہلکا جامنی ہو جاتا ہے۔ بعض کاشت کارسمجھتے ہیں کہ فصل کو پانی کی ضرورت ہے اور وہ پانی لگا دیتے ہیں جس سے پودے مزید کمزور ہو کر سوکھ جاتے ہیں۔ لہٰذا اس حالت میں پانی ہرگز نہ لگائیں۔