پاکستان سے کرکٹ سیریز بھارتی بورڈ نے حکومت سے رجوع کرلیا

پڑوسی ملک سے کھیلنے کیلیے اصل اجازت وزیراعظم کے آفس سے درکار ہوگی، بی بی سی آئی

جمعرات 23 نومبر 2017 19:52

پاکستان سے کرکٹ سیریز بھارتی بورڈ نے حکومت سے رجوع کرلیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے سیریز کیلیے حکومتی دروازے پر دستک دے دی۔بی سی سی آئی آفیشل کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک سے کھیلنے کیلیے اصل اجازت وزیراعظم کے آفس سے درکار ہوگی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی خصوصی جنرل میٹنگ 9 دسمبر کوہونا ہے جس میں نئے فیوچر ٹور پروگرام پر بات چیت ہوگی، یہ ایف ٹی پی آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں بی سی سی آئی کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایسا پروگرام ترتیب دینے پر غور ہو رہا ہے جس میں ٹیسٹ اور ون ڈے لیگ دونوں میں ہی پاکستان سے کھیلنا نہ پڑے، انھوں نے یہ مثال بھی دی تھی کہ کسی بھی عالمی چیمپئن شپ میں اگر 20 ٹیمیں شریک ہوں تو یہ ضروری نہیں ہوتا کہ سب ہی ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں۔ اس کے ساتھ انھوں نے بہرحال یہ بات بھی تسلیم کی تھی کہ پاکستان اور بھارت کے باہمی مقابلے نہ ہونے سے عالمی کرکٹ پر اثر پڑتا اور اس بات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔۔