عوام کی فلاح پر مبنی معاشی پالیسیاں وضع کرنے اور ملک کی آبادی کی اکثریت کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے،سید خورشید

شاہ،نئے معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے خطے میں امن کو یقینی بنایا جائے مشاہد سید سمیت مقررین کا ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام 20 ویں پائیدار ترقی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب

جمعرات 7 دسمبر 2017 23:00

عوام کی فلاح پر مبنی معاشی پالیسیاں وضع کرنے اور ملک کی آبادی کی اکثریت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں عوام کی فلاح پر مبنی معاشی پالیسیاں وضع کرنے اور ملک کی آبادی کی اکثریت کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی( ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام 20 ویں پائیدار ترقی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید خورشید شاہ نے بجٹ سازی کے عمل کے دوران پارلیمنٹ کے مؤثر کردار کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ہمیں جنوبی ایشیا میں نئے معاشی مواقع اور چیلینجز پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ان مواقع سے مستفید ہونے کے لیے ضروری ہے کہ خطے میں امن کو یقینی بنایا جائے ا ور اس مقصد کے لیے ٹریک ٹو سفارتی کاوشوں کا احیا کیا جائے۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں مستحکم امن کے لیے اس جانب توجہ دینا ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کی انڈرسیکرٹری برائے معاشی و سماجی کمیشن ڈاکٹر شمشاد اختر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وفاقی، صوبائی اور مقامی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ غریب اور محروم طبقات کو معاشی ترقی کا حصہ بنایا جائے، ٹیکسوں کا دائرہ بڑھایا جائے اور بیرونی قرضوں پر انحصار کم کیا جائے۔

قبل ازیں ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے پاکستان کے مختلف معاشی ، سماجی اور دیگر مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کی سنگینی تقاضہ کرتی ہے کہ ان کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقی کی سیاست اور کثیر جہتی کے فروغ پر توجہ دینی چاہئے اور نفرت اور دوری کی موجودہ لہر کا سدباب کرنا چاہئے۔ تقریب کے اختتام پر ایس ڈی پی آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چئیرمین شفقت کاکا خیل کو ان کی خدمات پر ’لائف اچیومنٹ‘ ایوارڈ دیا گیا۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کئی دیگر شخصیات کو بھی اس موقع پر ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر ایوارڈ دیا گیا۔