ساہیوال ،یوم تحفظ القدس کے حوالے سے احتجاجی واک

جمعہ 15 دسمبر 2017 19:01

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) یوم تحفظ القدس کے حوالے سے ساہیوال میں احتجاجی واک ہوئی جو جوگی چوک سے شروع ہوکر بلدیہ گرائونڈ پر اختتام پذیر ہوئی ۔واک کی قیادت چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد اقبال‘ ڈپٹی میئر چوہدری ساجد نعیم ہیپی اور ممبر صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک نے کی جس میں تاجروں‘ صنعتکاروں‘ طلبہ‘ سول سوسائٹی اور صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور بیت المقدس کی آزادی کے نعرے درج تھے۔ ریلی ہائی سٹریٹ سے ہوتی ہوئی بلدیہ گرائونڈ پہنچی جہاں ساجد نعیم ہیپی‘ چوہدری زاہد اقبال‘ علامہ سیدضیاء اللہ شاہ بخاری‘ حاجی احسان الحق فریدی‘ملک قاسم ندیم اور قاری منظور احمد نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکی پالیسیوں کی مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیاکہ وہ فلسطین کی آزادی اور اسرائیلی ظلم و ستم کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریںتاکہ 70 سال سے مظلوم فلسطینی اپنا وطن حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے جس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوا جا سکتا۔ مقررین نے عالم اسلام پر زور دیا کہ وہ اپنے اختلافات دور کرکے متحد ہوں تاکہ دشمنوں کا مقابلہ کیا جائے۔ آخر میں قبلہ اول کی آزادی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔

متعلقہ عنوان :