ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں کرسمس کے حوالہ سے تقریب کا انعقاد

جمعہ 22 دسمبر 2017 20:16

لاہور۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2017ء) ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں گزشتہ روز کرسمس کے حوالہ سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پرسپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب احسان بھٹہ نے کیک کاٹا اورشعبہ میں کام کرنیوالے مسیحی برادری کے تمام ملازمین کو مبارک باد دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن احسان بھٹہ نے کہا کہ مسیحی برادری وطن عزیز کا اہم حصہ ہے،جن کی ہر خوشی اور غم میں ہمارا شریک ہونا ضروری ہے، بلاشبہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری نے اہم کردار ادا کیا ہے، جس کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کا قانون تمام اقلیتوں کو تحفظ اور عزت دیتا ہے، جس کی پاسداری تمام شہریوں پر لازم ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ملک میں امن اور ترقی کے فروغ کے لیئے برداشت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، حقوق العبادکو ہر مذہب میں دیگر حقوق پر برتری حاصل ہے،اس لئے ہمیں ایک دوسرے سے پیار محبت سے رہنا چاہیے۔اس موقع پرسپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب احسان بھٹہ نے مسیحی ملازمین کو تحائف بھی دیئے، جس پر انہوں نے سیکرٹری ہائرایجوکیشن نبیل اعوان اورسپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب احسان بھٹہ کا بھرپور شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے حسن سلوک کی کھل کر تعریف کی۔

تقریب میں ہائرا یجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں کام کرنیوالے تمام شعبوں کے ڈپٹی سیکرٹریز،سیکشن آفیسرز اور مسیحی ملازمین نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :