سعدیہ سہیل رانا نے خواتین پر تشدد واقعات میں اضافہ کیخلاف تحریک التوائے پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی

جمعہ 22 دسمبر 2017 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے پنجاب میں خواتین پر تشدد کے واقعات میں اضافہ کے خلاف ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی چینل کی خبرکے مطابق پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی حالیہ رپورٹ کے مطابق 2016ء میں صوبہ پنجاب کی خواتین کے خلاف تشدد میں پچھلے چار برسوں کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ کے مطابق 2016ء میں خواتین پر تشدد کے 7317 واقعات رپورٹ ہوئے۔ 2015ء میں یہ تعداد 6505 اور 2014ء میں 5967 تھی۔ رپورٹ میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا کہ بہت سے واقعات رپورٹ نہیں ہوتے جس کی وجہ سے اصل واقعات کی تعداد اس رپورٹ ہوئی تعداد سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔