سابق وزیر اعظم نواز شریف کل دوپہر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 29 دسمبر 2017 15:12

سابق وزیر اعظم نواز شریف کل دوپہر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 دسمبر 2017ء) : سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کل دوپہر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے ۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف سعودی عرب میں سعودی ولی عہد سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ سعودی عرب سے نواز شریف کی واپسی 2 جنوری 2018ء ہو گی۔ وطن واپسی پر نواز شریف اسلام آباد میں احتساب عدالت کے رُوبرُو پیش ہوں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گذشتہ شب نواز شریف کی ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات ہوئی ۔ یہ ملاقات 4 سے 5 گھنٹے جاری رہی جس کے بعد نواز شریف نے اچانک سعودی عرب جانے کا فیصلہ کیا ۔ نواز شریف کے دورہ سعودی عرب کو اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔نواز شریف کی روانگی کے باعث کوٹ مومن میں مسلم لیگ ن کا جلسہ التوا کا شکار ہو گیا ۔ کوٹ مومن میں نواز شریف وطن واپسی پر آئندہ اتوار کو عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ یاد رہے کہ شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق سمیت آصف کرمانی پہلے سے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں۔