دہشت گرد گرجاگھر ،مساجد جیسے آسان اہداف کونشانہ بناکر پاکستان میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں ، ایک انسان کاقتل پوری انسانیت کاقتل ہے ، عبادت گاہوں پر حملے کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں،میتھوڈسٹ چرچ کی دوبارہ مرمت اورتزئین وآرائش جلد کر دی جائے گی

وفاقی وزیرمذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمدیوسف کی میتھوڈسٹ چر چ کے دورے کے بعدمیڈیا سے گفتگو

جمعہ 29 دسمبر 2017 16:50

کوئٹہ۔29دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2017ء) وفاقی وزیرمذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمدیوسف نے کہاہے کہ دہشت گرد گرجاگھر مساجد ومدارس جیسے آسان اہداف کونشانہ بناکر پاکستان میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں ایک انسان کاقتل پوری انسانیت کاقتل ہے ۔میتھوڈسٹ چرچ کی دوبارہ مرمت اورتزئین وآرائش جلد کریاجائے گا عبادت گاہوں پر حملے کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے جمعہ کو کوئٹہ کے زرغون روڈ پر میتھوڈسٹ چر چ کے دورے کے بعدمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیرسردارمحمدیوسف نے کہاکہ چرچ پرحملے میں جاں بحق افراد کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی ۔17دسمبر کاواقعہ بزدلانہ اورسفاکانہ عمل تھا جس کی زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے ولاے افراد نے مذمت کرکے مسیحی برادری سے یکجہتی کامظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ انسانی جانوں کی ضیاع کاکوئی نعم البدل نہیں ہے ۔وفاقی وزارت مذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی میتھوڈسٹ چرچ کی دوبارہ بحالی کیلئے مرمت کے تمام اخراجات اٹھائے گی ۔وفاقی وزیرمذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی نے کہاکہ پاکستان کے تحفظ اوراستحکام کیلئے مسیحی برادری کی قربانیاں کی بدولت ملک کے چپے چپے میں بہت جلد امن کاسورج طلوع ہوگا۔