وزیراعظم نے نو تعمیر شدہ ایوی ایشن سٹی کامرہ میں ائیر یونیورسٹی ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کا سنگ بنیادرکھ دیا

منگل 2 جنوری 2018 20:31

وزیراعظم نے نو تعمیر شدہ ایوی ایشن سٹی کامرہ میں ائیر یونیورسٹی ائیرو ..
کامرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ خود انحصاری کے حصول کے ذریعے ہی ملک کو درپیش چیلنجزسے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے، حکومت نے بہترین افردی قوت کے حصول کیلئے تعلیم کے شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔ حکومت کے وژن 2025ء میں علم پر مبنی معیشت کو اہم مقام دیا گیا ہے ،حکومت نے بہترین افردی قوت کے حصول کیلئے تعلیم کے شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری کی ہے، فنڈز کی فراہمی ہماری ذمہ داری ،یقین ہے طلباء کو بہترین تعلیم فراہم کرنے کیلئے اساتذہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، قومی اور عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کی ہم آہنگی سے ہماری ٹیکنالوجیکل بنیاد مزید مستحکم ہو گی۔

ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کا قیام اہم پیشرفت ہے ،اہمیت نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی نظر آئیگی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے یہ بات منگل کو ائیر یونیورسٹی ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی مو جود تھے، وفاقی وزراء اعلی ، دفاعی و سول افسران کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

وزیراعظم نے یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا اور تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے سربراہ کیساتھ مل کر کامرہ میں شاندار ادارے کی ترقی کیلئے دعا کی جو پاک فضائیہ کی تاریخ میں سنہرے باب کا اضافہ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ہوا بازی کی صنعت اور اعلیٰ تعلیم کے میدا ن میں پاک فضائیہ کی گراں قدر خدمات اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کی پر خلوص کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی کوششوں کے ذریعے ہم خود انحصاری کی منزل تک پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجزسے خود انحصاری ی حصول سے ہی نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے جس کیلئے ماہر افرادی قوت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی لئے ترقی یافتہ ممالک تعلیم اور افرادی قوت پر زیادہ زور دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی تناظر میں حکومت کے وژن 2025ء میں علم پر مبنی معیشت کو ایک اہم مقام دیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہترین افردی قوت کے حصول کے لئے تعلیم کے شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے ،مجھے یقین ہے طلباء کو بہترین تعلیم فراہم کرنے کیلئے اساتذہ بھی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامرہ کے مقام پر ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کا قیام ایک اہم پیشرفت ہے جس کی اہمیت نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی نظر آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی ایوی ایشن انڈسٹری کی ہم آہنگی سے ہماری ٹیکنالوجیکل بنیاد مزید مستحکم ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے ملکی سطح پر جدید ایوی ایشن مصنوعات کی تیاری سے ہماری قومی ضروریات بھی پوری ہوں گی اور ہماری معیشت بھی مستحکم ہو گی۔ وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے ایوی ایشن سٹی میں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ایوی ایشن سٹی پاک فضائیہ کا ایسا تاریخی اقدام ہے جس میں مختلف جدید اور بہترین تعلیمی اور تحقیقی ادارے ہونگے جو ایوی ایشن کی صنعت میں خود کفالت کی منزل کو حاصل کرنے میں معاون ثابت ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کا اہم مرکز ائیر یونیورسٹی ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس ہو گا جسے عالمی ایوی ایشن یونیورسٹیز کے معیار کے مطابق بنایا گیا ہے جو مینٹینس،ایونکس اور سیمولیٹر جیسی جدید سہولیات سے لیس ہو گا۔ اس ایوی ایشن سٹی کا ایک اہم جزو ایوی ایشن ریسرچ اینڈ انڈیجینائزیشن اینڈ ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ ہے جوجدید ٹیکنالوجی کے مختلف شعبہ جات میں تحقیق کا کام کریگا۔

انہوں نے کہا کہ سرٹیفیکیشن ایجنسی کا قیام بھی منصوبے کا اہم حصہ ہے اس طرح کے منفردادارے دنیا کی بہترین فضائی افواج کا حصہ ہوتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ ائیر یونیورسٹی ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن سنٹر کا قیام ایوی ایشن سٹی میں انڈسٹری۔ اکیڈمی کی ہم آہنگی کے پاک فضائیہ کے وژن کی تعبیر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس کے قیام سے یہاں بہت بڑی تعداد میں بین الاقوامی سکالرز اور طلباء آئیں گے جس سے نہ صرف تعلیمی تبادلہ خیا ل ہو گا بلکہ پاکستان کی اقتصادی اور سفارتی سطح پر پذیرائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیمپس خطے کی نئی جیو پولیٹیکل صورتحال سے نمٹنے میں بھی کلیدی کردار ادا کر ے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی سرپرستی میں پاک فضائیہ ایوی ایشن ٹیکنالوجی میں اپنے مقاصد حاصل کر یگی یقینی طور پر یہ خود کفالت کی طرف ایک مثبت قدم ہے اور مجھے امید ہے کہ ایوی ایشن سٹی کامرہ کے جدید ملکی ساختہ پروگرامز سے نہ صرف ملکی صنعت مضبوط ہو گی بلکہ غیر ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کی ضروریات بھی پوری ہو نگی۔

انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن انڈسٹری میں ہماری ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے مثبت نتائج پیدا ہوئے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے انجینئرز اور تکنیکی عملے نے اپنے وسائل سے جدید صلاحیتیں حاصل کی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ہم اس رستے پر چلتے ہوئے مسافر بردار اور لڑاکا طیاروں کے علاوہ جدید ایویانکس آلات اور ہتھیار تیار کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آج کی ضرورت ہے اور ہم یہ صلاحیت حاصل کرنے کیلئے عزم صمیم رکھتے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف پاکستان میں ہوا بازی کی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ ہماری معیشت بھی مستحکم ہو گی۔ قبل ازیں ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) فائز امیر ، وائس چانسلر ائیر یونیورسٹی نے شرکاء کو اس کیمپس کی چیدہ چیدہ خصوصیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ ائیر مارشل احمر شہزاد نے اپنے استقبالیہ کلمات میں نئے تعمیر شدہ ایوی ایشن سٹی کی چیدہ خصوصیات پرروشنی ڈالی جو کہ خطے میں ایوی ایشن کا مرکز بنے گا۔

متعلقہ عنوان :