صدر موبائل مارکیٹ میں ڈکیتی کی کوشش ناکام، دو ڈاکو اور ایک شہری جاں بحق

اتوار 7 جنوری 2018 22:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2018ء) صدر موبائل مارکیٹ میں ڈکیتی کی کوشش کرنے والے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے، مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا شہری دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں دو ڈاکوؤں نے لوٹ مار کرنے کی کوشش کی اس دوران 25 سالہ محمد اویس نامی شہری نے مزاحمت کی تو ڈاکو نے اس پرفائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

(جاری ہے)

ایس پی صدر ٹاؤن توقیر نعیم کے مطابق مشتعل شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچ گئی، ہلاک ہونے والے ڈاکو کا ساتھی ایک دوکان میں چھپ گیا اور اس نے پولیس ، رینجرز پر فائرنگ شروع کردی تاہم جوابی فائرنگ میں ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ ایس پی صدر نے مزید بتایا کہ مارے جانے والے ایک ڈاکو کی شناخت بختاور شاہ اور اویس محمود شاہ نام سے ہوئی ہے۔ ڈاکوؤں کے قبضے سے دو موبائل فونز 2 پستول اور پرس بھی ملے ہیں۔

متعلقہ عنوان :