کرپشن الزام میں گرفتار سعودی شہزادہ ولید فائیو اسٹار ہوٹل سے جیل منتقل

اتوار 14 جنوری 2018 19:43

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2018ء) کرپشن کے الزام میں گرفتار ارب پتی سعودی شہزادے ولید بن طلال کو فائیو اسٹار ہوٹل سے جیل منتقل کر دیا گیا جس کے بعد وہ مذاکرات کیلئے تیار ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی شرائط نہ ماننے پر ولید بن طلال کو ریاض کے رٹز کارٹن ہوٹل سے الہیر جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے ارب پتی شہزادے سے ایک کھرب روپے سے زائد رقم اور اپنی کمپنیوں کا کنٹرول حکومت کو دینے کا مطالبہ کیا گیا تاہم انہوں نے ایسا کرنے سے صاف انکار کردیا۔سعودی حکام نے نام ظاہر نہ ہونے کی شرط پر بتایا کہ گرفتار شہزادہ ولید بن طلال نے حکومت کو ایک بڑی رقم دینے کی آفر کی تاہم اٹارنی جنرل نے اس کی منظوری نہیں دی۔گزشتہ روز شہزادہ ولید نے حکومت کو بڑی رقم عطیہ کرنے کی بھی پیشکش کی جسے حکومت نے مسترد کردیا تھا۔خیال رہے کہ کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ولید بن طلال سمیت کئی شہزادوں اور بااثر شخصیات کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :