چین، امریکہ اوربرطانیہ سمیت 24 ممالک کو آن ارائیول ویزا کی فراہمی کا فیصلہ اہم اور بروقت ہے۔ میاں زاہد حسین

جمعہ 26 جنوری 2018 19:11

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2018ء) آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کا جنت نظیر خطہ ہے جو خوبصورتی اور قدرتی حسن سے مالا مال ہونے کے وجہ سے دنیا بھر سے پاکستان آنے والے ٹورسٹس کے لئے بے پایاں کشش رکھتا ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ گلگت شاہراہ ریشم چین، اسلام آباد، اسکردو اور چترال کے لئے جنکشن کی حیثیت رکھتا ہے، گلگت کی معاشی سرگرمیاں شاہراہِ ریشم سے منسلک ہیں جبکہ چائنہ ٹریڈ آرگنائزیشن فورم کی طرف سے مقامی لوگوں کی معاشی ترقی کے لئے گلگت کے ساتھ چائنہ کے ملحقہ صوبے ژیانگ میں تجارت کے جدید اصول سیکھنے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور گلگت بلتستان چیمبر اور گوجل ہنزہ میں سست ڈرائی پورٹ کا قیام گلگت کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے کہا کہ گلگت میںسی پیک کے تحت خنجراب ریلوے کا قیام 2030ء تک مکمل ہوگا جس سے گلگت ریل کے نظام سے منسلک ہوجائے گا، شہر میں 250 ایکڑ کے رقبے پر اسپیشل اکنامک زون کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے گلگت کی پوٹینشل انڈسٹری بشمول لکڑی، لائیو اسٹاک، دستکاری اور معدنیات ترقی کریں گی۔ سی پیک کے حوالے سے گلگت کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے اس شہر کو فری ٹریڈ زون ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے اس شہر کی معیشت نہ صرف ترقی کرے گی بلکہ ملکی معیشت کی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کرے گی۔

اس شہر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں جن میں سی پیک کے لانچ ہونے سے مزید اضافہ ہو گا، نہ صرف شہر کا انفراسٹرکچر بہتر ہوگا بلکہ کاروبار و صنعت کے لئے درکار تمام سہولیات اعلیٰ پیمانہ پر میسر ہوں گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت کے قدرتی حسن کی حفاظت کے لئے جلد ازجلد اقدامات کئے جائیں اور یہاں کی دلکش جھیلوں، حسیں وادیوں اور دور دراز واقع مرغزاروں تک پہنچنے کے لئے مناسب اور جدید راستوں کا انتظام کیا جائے تاکہ ٹورازم انڈسٹری کی ترقی ممکن ہو۔

ملک میں افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کی بے دریغ قربانیوں کی وجہ سے دہشت گردی میں کمی آنے کے بعد ملک میں ٹورازم ترقی کرتا نظر آتا ہے اس صورتحال میں حکومت اور وزیر داخلہ احسن اقبال کی طرف سے چین، امریکہ اوربر طانیہ سمیت 24 ممالک کو آن ارائیول ویزا کی فراہمی کا فیصلہ اہم اور بروقت ہے جس سے نہ صرف ٹورازم کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مقامی معیشت کو درپیش مسائل کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ گلگت سے پیدا ہونے والے انگور، انار، خوبانی، اخروٹ اور دیگر پھلوں کی ملکی اور بیرون ملک منڈیوں میں رسائی کی سہولتوں کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ قرضوں کی آسان فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :