امریکہ کو بتادیا پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے‘ حیات شاہ

پیر 29 جنوری 2018 16:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2018ء) پاکستان جسٹس پارٹی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان کشیدگی ختم اور تعلقات بہتر بنانے کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کردیا جسٹس پارٹی کے چیئرمین نے اس سلسلے میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کا یہ عہد ہے کہ وہ پاک افغان خطے میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اس لئے پاکستان پر تنقید کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کی جائے خط میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان پہلے ہی70 ہزار سے زائد افراد کی قربانی اور اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرچکا ہے اور ان کا یقین ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اچھے اور برے دہشت گرد کی تمیز نہیں کرتی بلکہ صرف اور صرف دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے حیات شاہ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے انہوں نے امریکی سفیر سے التماس کی کہ پاکستان کی مسلح افواج کیلئے کولیشن سپورٹ پروگرام کی امداد اور دوسری فوجی امداد نہ روکی جائے۔

(جاری ہے)

امداد جاری رہنے سے پاکستان کی مسلح افواج کو دہشت گردی کیخلاف اپنی جنگ کی استعداد بڑھانے میں مدد ملے گی اور پوری دنیا میں دہشت گردی سے نجات اور امن کے قیام میں بھی مدد حاصل ہوگی۔ حیات شاہ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے بیان کی بھی شدید مذمت کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے امریکہ کو ٹکا سا جواب دے دیا ہے جبکہ وزیر دفاع خرم دستگیر کا یہ کہنا کہ ہم نے امریکہ کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ ختم کردی ہے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات پاک امریکہ تعلقات بگاڑنے کی سازش ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے منافقت کی انتہا کردی ہے ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ امریکہ کو انتہائی اچھے طریقے سے سمجھایا جاتا ہے پاکستان جسٹس پارٹی نے اس سلسلے میں کوشش کی ہے اور امید ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہتر بنانے کیلئے ہونیوالی اس کوشش کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :