پندرہ لاکھ روپے کی لاگت سے بارہ بیڈز کا نشے سے نجات پانے کا سنٹر کا قیام عمل میں آچکا،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 8 فروری 2018 15:52

سرگودھا۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2018ء)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی پرانی عمارت میں پندرہ لاکھ روپے کی لاگت سے بارہ بیڈز کا ترک نشہ سنٹر کا قیام عمل میں آچکاہے ، سنٹر کے قیام میں مخیر حضرات نے بھر پو رتعاون کیا، جو ان کیلئے صدقہ جاریہ ثابت ہو گا جس سے منشیات کے مریضوں کی بحالی ممکن ہو سکے گی اور وہ معاشرے پر بوجھ کی بجائے اپنے پاؤں پر خود کھڑا ہو کر اپنا روزگار چلا سکیںگے، وہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی پرانی عمارت میں ترک نشہ سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پرایم ایس ڈاکٹر عرفان فرید‘ ڈاکٹر سکندر وڑائچ ‘ چوہدری لیاقت علی وڑائچ ‘ حاجی محمد اسماعیل ‘ ملک خضر حیات اعوان ‘ ملک عابد حسین اعوان ‘ حاجی شیخ اقبال ‘ صدر بار عنصر بلوچ ‘ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر افتخار احمد چیمہ ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ناصر محمود چیمہ ‘ ای ٹی او محمد ارشد ‘ خواجہ شفیق الرحمان ‘ ملک عبدالحمید ‘چوہدری عبدالقدوس ‘ ڈپٹی میئر محمد بلال خان و دیگر موجود تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ منشیات کے مریضوں کے علاج کے بعد ان کی بحالی کیلئے انہیں روزگار دے کرانہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے مخیر حضرات کے تعاون سے سنٹر کا قیام بہت بڑا کارخیر ہے ، اس عارضی سنٹر کے بعد نیوسٹیلائٹ ٹاؤن ٹاہلی چوک میں مستقل بنیادوں پر ترک نشہ سنٹر قائم کیا جارہاہے جس کی تعمیر پر تین کر وڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایاگیاہے یہ سنٹر سڑکوں اور اروڑیوں پر پڑے منشیات کے مریضوں کی بحالی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا ، انہوں نے کہاکہ سنٹرکے قیام سے شہر میں منشیات کے کاروبار کرنے والوں کیخلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیلئے ڈی پی او سرگودہا کی طرف سے متعلقہ ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ، اس موقع پر ڈاکٹر سکند وڑائچ ‘ای ٹی او ارشد ‘ میاں محمد سلیم ایڈووکیٹ ‘ ملک آفتاب احمد اور ملک عابد اعوان کے علاوہ دیگر نے نشہ کے کنٹرول کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔