ہم سندھ کے عوام کے لیے انقلابی اقدامات کررہے ہیں، شرجیل انعام میمن

پیر 13 مئی 2024 13:43

ہم سندھ کے عوام کے لیے انقلابی اقدامات کررہے ہیں، شرجیل انعام میمن
حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) صوبائی وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ہم سندھ کے عوام کے لیے انقلابی اقدامات کررہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہم صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں، ہم صحافیوں کو گرانٹ دے کر کوئی احسان نہیں کررہے، یہ ہمارا فرض ہے، ہماری ذمہ داری ہے، پورے ملک میں مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومت رہی لیکن جو صحافت سے رشتہ ہمارا رہا ہیوہ کسی اور کا نہیں رہا ، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہید بینظیر نے آزادی صحافت کے لیے جدو جہد کی، اسی طرح زرداری صاحب نے بھی صدر بن کے صحافیوں کے لیے بڑے بڑے کام کیے، ہمیں پتا ہے کہ آزادی صحافت چیلنج بن گیا ہے، لوگوں میں برداشت ختم ہوگئی ہے، 2008 میں ہمارے خلاف مہم چلائی گئی، ہمیشہ ہمیں برا دکھایا گیا، اس میں ہمارے مخالفین شامل تھے، ان کی میڈیا مینجمنٹ ہم سے زیادہ بہتر تھی۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جتنے تاریخی کام ہوئے وہ پیپلزپارٹی نے کیے ہیں، ہر اچھے برے وقت میں ہم عوام کے ساتھ کھڑے رہے، بڑے ہسپتالوں کا سندھ کے ہسپتالوں سے کوئی موازنہ نہیں، پورے ملک سے لوگ سندھ کے ہسپتال آتے ہیں علاج کروانے کے لیے، یہ بلاول بھٹو کا ویژن ہے، مرادی علی شاہ کی محنت کا نتیجہ ہے کہ سارے محکمے کام کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ روٹی کپڑا مکان کا وعدہ صرف پیپلز پارٹی کا ہے، ہمیں صحافیوں کے دکھ درد کا احساس ہے، صحافیوں کے گرانٹس مزید بڑھائیں گے، پوری پیپلز پارٹی میڈیا فرینڈلی ہیں، اگر کوئی صحافی بیمار ہوا اور اگر اسے امریکا میں بھی بھیجنا پڑے تو سندھ حکومت اس کا علاج کروائے گی، ہماری سوچ ہے کہ انسان سے بڑھ کر کچھ نہیں، ہم نے صحت کے شعبے میں بہت کام کیا ہے۔