ڈاکٹر عاصمہ رانی کے ساتھ انتہائی ظلم ہوا ہے، سراج الحق

جب تک ڈاکٹر عاصمہ رانی اور ڈی آئی خان کی شریفاں بی بی کے ساتھ ظلم کرنے والے گرفتار نہیں ہوتے خیبر پختونخوا کی مثالی پولیس پر انگلیاں اٹھتی رہیں گی ،میڈیا سے گفتگو

منگل 13 فروری 2018 20:14

ڈاکٹر عاصمہ رانی کے ساتھ انتہائی ظلم ہوا ہے، سراج الحق
لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2018ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور صوبائی امیر مشتاق احمد خان کوہاٹ میں قتل ہونے والی میڈیکل کالج کی طالبہ عاصمہ رانی کے گھر گئے اور ان کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہارکیا اور مرحومہ کے لئے مغفرت کی دعا کی اس موقع پر ضلعی نائب امیر عزیز اللہ خان، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد جبران سنان اورسبز علی نوید سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے اس موقع پر میڈیا نمائندوںسے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ڈاکٹر عاصمہ رانی کے ساتھ انتہائی ظلم ہوا ہے، جب تک ڈاکٹر عاصمہ رانی اور ڈی آئی خان کی شریفاں بی بی کے ساتھ ظلم کرنے والے گرفتار نہیں ہوتے خیبر پختونخوا کی مثالی پولیس پر انگلیاں اٹھتی رہیں گی ڈاکٹرعاصمہ رانی کے والد انتہائی غربت کے عالم میں اپنی بیٹی کو ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے جبکہ ان کی دوسری بیٹی سکالر شپ پر ملک سے باہر پی ایچ ڈی کررہی ہیں، پختون معاشرے میں بچیوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانا قابل فخر بات ہے جبکہ دوسری طرف بچیوں کے ساتھ اس قسم کا ناروا ظلم بھی انتہائی دکھ کی بات ہے انہوں نے کہا کہ عاصمہ رانی کے قاتل کا اس طرح آسانی سے ملک سے فرار ہونا صوبائی حکومت کی بڑی ناکامی ہے، حکومت قاتل کو سعودی عرب سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے واپس لائے ہمارے ملک میں بچیوں کے ساتھ درندگی کے پے در پے واقعات ہورہے ہیں جو کہ اسلامی ملک میں قابل تشویش امر ہے حکومت کو اس سلسلے میں خصوصی اقدامات اٹھانے چاہئیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصمہ رانی صرف مروت قوم کی بیٹی نہیں بلکہ تمام پختونوں کی بیٹی ہے، اگر چہ مروت قوم نے قاتل کی گرفتاری کے لئے قومی جرگہ تشکیل دیا ہے تاہم پوری قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے صوبائی حکومت کو چاہئے کہ اس کیس کوترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور قاتل کی گرفتاری کے لئے فوری اور نظر آنے والے اقدامات اٹھائے ہم مروت قومی جرگے کی حمایت کرتے ہیں اور ان کو بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہیں انہوں نے کہا کہ قاتل کی گرفتاری سے میڈیکل کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والی بچیوں کو تحفظ کا احساس ہوگا اور ان کے والدین کو حوصلہ ملے گاانہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ڈاکٹر عاصمہ رانی سمیت تمام مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے ہم ہر جگہ اور ہر فورم پر ان کے لئے آواز اٹھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :