ڈیفنس میں موجودگی کی اطلاع پر بنگلے پر چھاپہ اہم گرفتاری کرلی گئی

جمعرات 15 فروری 2018 22:16

ڈیفنس میں  موجودگی کی اطلاع پر بنگلے پر چھاپہ اہم گرفتاری کرلی گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء)جمعرات کو ڈیفنس میں سیاسی جماعت کے اہم رہنما کے بنگلے پر راؤ انوار کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر قانون نافز کرنے والے اداروں اور پولیس کا چھاپہ 3افراد زیر حراست ،تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا کہ ڈیفنس فیز 6خیابان بحریہ اسٹریٹ نمبر 12واقع سیاسی جماعت کے رہنما کے بنگلے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے مشترکہ چھاپہ ما ر کر بنگلے کی مکمل طور پر تلاشی لی اور بنگلے پر موجود 3افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔

باخبر ذرائع نے بتا یا کہ سابق ایس ایس پی راؤ انوار کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار ا گیا لیکن ان کے ساتھی اپنا ٹھکانہ تبدیل کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ سندھ کی بڑی پارٹی کے رہنما کے بنگلے کے چوکیدار اور دو گارڈ کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے ۔باخبر ذرائع نے کہا کہ تینوں افراد کو چھڑوانے کیلئے سیاسی جماعت کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر میدان میں اتر آئے ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے تینوں افراد کو نہیں چھوڑ رہے ہیں ذرائع نے کہا کہ زیر حراست افراد نے دوران تفتیش اس بات کی تصدیق کی ہے کہ راؤانوار کے 4ساتھی گزشتہ 3روز سے بنگلے میں رہ رہے تھے اور ان سے اعلی پولیس افسران سمیت سیاسی جماعت کے رہنما ؤں نے ملاقات بھی کی ہے اور معاملہ دبانے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے ۔