محکمہ پولیس میں تاریخ میں پہلی مرتبہ’’ نیشنل پولیس گیمز‘‘ کا انعقاد مارچ کے آخری ہفتے میں لاہور میں ہو گا

پنجاب سمیت دیگر صوبوںکی پولیس فورسز اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی ٹیمیںبھی حصہ لیں گی‘ طارق مسعود یٰسین

جمعہ 16 فروری 2018 22:40

محکمہ پولیس میں تاریخ میں پہلی مرتبہ’’ نیشنل پولیس گیمز‘‘ کا انعقاد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایت پرمحکمہ پولیس میں صحت مندانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لئے تاریخ میں پہلی مرتبہ’’ نیشنل پولیس گیمز‘‘ کا انعقاد مارچ کے آخری ہفتے میںلاہورمیں ہو گا جس میں پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوںکی پولیس فورسز کی ٹیموںکے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی ٹیمیںبھی حصہ لیں گی۔

ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ اور ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ اینڈ ریکروٹمنٹ طارق مسعود یٰسین نے سپورٹس گیمز کے انعقاد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نیشنل پولیس گیمز کا مقصد کھلاڑیوں کے مورال کو بلند رکھنے کے ساتھ ساتھ ملک بھرمیں پولیس فورسز کے تمام یونٹس کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پولیس گیمز کے حوالے سے آئی جی سندھ ، خیبر پختونخواہ ، بلوچستان ، آزاد جمو ںو کشمیر ،گلگت بلتستان ، موٹروے پولیس ،اسلام آباداور آئی جی ریلوے پولیس سمیت ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے جس کے مطابق نیشنل پولیس گیمز 2018 میں 28 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جن میں ملک بھر سے آنے والی پولیس فورسز کی ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ بارہ مختلف کھیلوں میں وومن پولیس ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی ۔

کھلاڑیوں کے مابین ہاکی ، والی بال ، باسکٹ بال ، بیڈمنٹن، گالف ، اتھلیٹکس ،جوڈو، کراٹے ، جو جتسو، پریکٹیکل شوٹنگ، رسہ کشی ، ٹیبل ٹینس ، بیس بال ، لان ٹینس ، روئنگ ، رگبی ، فٹ بال ، ہینڈ بال، شوٹنگ والی بال ، کبڈی (ایشین سٹائل)، باڈی بلڈنگ ، ریسلنگ ، تائیکوانڈو، کرکٹ ، ووشو، سوئمنگ ، باکسنگ اور سکواش کے کھیلوں میں مقابلے ہونگے۔ ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ کی جانب سے پولیس کے تمام یونٹس اور آرگنائزیشنز سے 25 فروری تک ٹیموں اور کھلاڑیوں کے نام طلب کئے گئے ہیں جس کے بعد ٹیموں اور شیڈول کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی ۔

ڈی جی پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ نے مزید کہا کہ پولیس فورس کے جوانوںکے لئے مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی بہترین حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس سپورٹس بورڈ کی جانب سے نیشنل پولیس گیمز کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور روایات کے مطابق لاہور آنے والی ٹیموں کی بھرپور میزبانی کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :