زہر پاشی کے ذریعے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے اقدامات کی ہدایت

جمعہ 23 فروری 2018 15:11

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو زہر پاشی کے مؤثر طریقے کے ذریعے گندم کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ اگر جڑی بوٹیوں کو بروقت تلف نہ کیاگیا تو وہ گند م کی پیداوار کو 42فیصد تک کم کر سکتی ہیں جس سے کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ سپرے کرتے وقت احتیاطی تدابیر کو خاص طور پر مد نظر رکھنا چاہیے اور سپرے کیلئے زہر کا انتخاب جڑی بوٹیوں کی مناسبت سے محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کی مشاورت سے کیاجائے۔ انہوںنے کہاکہ سپرے محلول کی مقدار کا تعین جڑی بوٹیوں پر لگے پتوں کی تعداد یا قد کی مناسبت سے کیا اور قبل ازوقت اگائو اور بعد از اگائو جڑی بوٹی مار زہروں کے لیے سپرے محلول 100 تا120 لیٹر فی ایکڑ استعمال کیا جائے نیز دوران استعمال نوزل بند ہونے کی صورت میں نوزل کے سوراخ کھولنے کے لیے دھات کی بنی ہوئی چیز کا استعمال نہ کیا جائے اورنہ ہی پھونک مار کر صاف کیا جائے بلکہ کھول کر صاف پانی سے دھولیاجائے یا غیر دھاتی چیز کی مدد سے صاف کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ فی ٹینک دوائی کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سپرے مشین کی کیلیبریشن کی جائے تاکہ اس بات کا تعین کیا جاسکے کہ دستی یا انجن والے سپرئیر کی صورت میں ایک ٹینک سے کتنے ایکڑ رقبہ سپرے ہوگا۔انہوںنے بتایاکہ ٹریکٹر والے بوم سپرئیر کی صورت میں بوم پر لگی عام نوزل کا زاویہ ، اخراج اور سپرے کی تقسیم یکساں ہونا بھی ضروری ہے۔