جعلی کھادوں کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائیگا،تر جمان

ہفتہ 3 مارچ 2018 12:53

قصور۔3 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2018ء)حکومت پنجاب نے بعض مقامات پر جعلی ‘ناقص ‘غیرمعیاری کھادوںکی فروخت کی کچھ شکایات کا فوری سختی سے نوٹس لیتے ہوئے جعلی کھادوں کی تیاری وفروخت روکنے کیلئے کھادڈیلرزکی پڑتال شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور محکمہ زراعت کے ڈسٹرکٹ آفیسرز کے نام جاری مراسلہ میں کہاہے کہ وہ محکمہ زراعت کے افسران پرمشتمل چیکنگ ٹیمیں تشکئیل دیں جو مختلف ڈیلرزکی اچانک پڑتال کریں اور جعلی کیمیائی کھادوں کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ حکام کویہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جعلی کھاد تیار وفروخت کرنیوالوں کیخلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائیں تاکہ ذمہ داران کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی کھادوں کے استعمال سے جہاں کاشتکاروں کو انتہائی زیادہ مالی بوجھ برداشت کرناپڑتاہے وہاں بروقت مناسب کھادنہ ملنے سے فصلات کی پیداواربھی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کے حکام پر واضح کردیاگیاہے کہ اس ضمن میں کسی غفلت کو برداشت نہیں کیاجائیگا۔