پنجاب میں 40لاکھ ایکڑ پر کپاس کاشت کرنے کا ہدف مقرر

سرٹیفائیڈ بیج، کھادوں اور نہری پانی کی فراہمی کویقینی بنایا جائے گا،کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے‘ چیف سیکرٹری بہاولپور، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن کے کمشنرز کو کپا س کی کاشت اور فصل کی مکمل مانیٹرنگ کرنے سے متعلق ہدایات جاری

ہفتہ 6 اپریل 2024 12:19

پنجاب میں 40لاکھ ایکڑ پر کپاس کاشت کرنے کا ہدف مقرر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2024ء) رواں سال پنجاب میں 40لاکھ ایکڑ پر کپاس کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اب تک تین لاکھ 80ہزار ایکڑ پر کپاس کی اگیتی کاشت کی جا چکی ہے۔ محکمہ زراعت کے حکام نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ میں بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں سب سے زیادہ 18لاکھ69ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کی جائیگی،ملتان ڈویژن میں نو لاکھ 45ہزار،ڈی جی خان سات لاکھ 53ہزار،ساہیوال ایک لاکھ 18ہزار، فیصل آباد ایک لاکھ 15ہزار اور سر گودھا ڈویژن میں ایک لاکھ 97ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کی جائے گی ۔

صوبہ میں کپاس کی کاشت کے اہداف کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ کپاس کی فصل کیلئے سرٹیفائیڈ بیج، کھادوں اور نہری پانی کی فراہمی کویقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ کپاس کی بوائی کے سلسلے میں کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کیجائے اورمحکمہ زراعت کاشتکاروں کو مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کرے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کپاس کی فصل کا پیداواری ہدف حاصل کر کے کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بہاولپور، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن کے کمشنرز کو کپا س کی کاشت اور فصل کی مکمل مانیٹرنگ کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔ سیکرٹری زراعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کی کاشت کے سلسلے میں ملتان سے باقاعدہ مہم شروع کر دی گئی ہے اوراگیتی کاشت کا ہدف سات لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ اگیتی کاشت کے ذریعے کپاس کی بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت اور پیداوار کے اہداف کے حصول کیلئے صوبے، ڈویژ نزاور اضلاع کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں،محکمہ زراعت لینڈ انفارمیشن اور منیجمنٹ سسٹم (LIMS)کی مدد سے کپاس کی کاشت کے اضلاع میں ایڈوائزری فراہم کرے گا۔ اجلاس میں آبپاشی اور خزانہ کے محکموں سے سیکرٹریز اور محکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی جبکہ بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا کے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔