سورج مکھی کی بہاریہ کاشت 15 مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت

ہفتہ 3 مارچ 2018 15:15

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2018ء)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہاہے کہ کاشتکار سورج مکھی کی بہاریہ کاشت 15 مارچ تک مکمل کریں کیونکہ پچھیتی کاشتہ فصل پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہے۔ سورج مکھی کی کاشت کیلئے اچھے اُگاؤ والا دو تا اڑھائی کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ بیج کا شرح اُگاؤ کم ہونے کی صورت میں بیج کی مقدار میں اسی تناسب سے اضافہ کریں۔

(جاری ہے)

کاشتکار سورج مکھی کی کاشت قطاروں میں کریں اور قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا دو فٹ سے اڑھائی فٹ رکھیں۔ بارانی علاقوں میں پودے سے پودے کا فاصلہ 1 فٹ جبکہ آبپاش علاقوں میں یہ فاصلہ 9 انچ رکھیں۔ سورج مکھی کی کاشت کیلئے ایسی زمین کا انتخاب کریں جس میں نمی برقرار رکھنے کی صلاحیت موجود ہو اور زمین زیادہ ریتلی اور کلراٹھی نہ ہو۔ ترجمان نے کہاکہ کاشتکار سورج مکھی کی کاشت کو فروغ دے کر نہ صرف اپنی آمدن میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ ملکی خوردنی تیل کی ضروریات کو پوری کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔