دور دراز علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت نے دورس اقدامات اٹھائے ہیں،کمشنر ساہیوال

جمعہ 9 مارچ 2018 15:41

چیچہ وطنی۔9 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ دور دراز علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت نے دورس اقدامات اٹھائے ہیں جن میں مراکز صحت پر ڈاکٹروں کی تعیناتی ، ادویات کی دستیابی اور ایمبولنسز کی فراہمی شامل ہے ، زچہ بچہ کی صحت اور انہیں 24گھنٹے طبی سہولتوں کی فراہمی میں تربیت یافتہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کا اہم کردار ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ انہیں مناسب تربیت فراہم کرنے کے ساتھ جدید تحقیقات سے بھی آگاہ رکھا جائے ، انہوں نے یہ بات میڈیکل کالج میں پاکستان یورو گائنا کالوجسٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پہلی انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، تین روزہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں معروف گائنا کالوجسٹ پروفیسر راشدہ لطیف ، نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ظفر تنویر ، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سردار محمد الفرید، ساہیوال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ارشد قریشی ، پاکستان یوروگائنا کالوجسٹ ایسوسی ایشن کی صدر پروفیسر پشپا سری چند ، جنرل سیکرٹری پروفیسر شگفتہ طاہر ، ڈائریکٹر ہیلتھ ساہیوال ڈاکٹر صادق سلیم اور ساہیوال میڈیکل کالج کے ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر عبدالخالق کے علاوہ ملک و بیرون ملک سے ماہرین اور فکیلٹی ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، انہوں نے کہا کہ گائنی کے اہم شعبے میں ہونے والی تحقیقات کو طبی عملے تک پہنچا کر بہت سی انسانی زندگیوں کو بچایا جا سکتا ہے اور خصوصا دیہی خواتین کو بچوں کی پیدائش سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے ، پروفیسر راشدہ لطیف نے کہا کہ پاکستان طبی شعبے نے پچھلے 70سال میں بہت ترقی کی ہے اور قیام پاکستان کے وقت صرف 6سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی تعداد اب 30ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جو عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں ، انہوںنے کہا کہ طبی شعبے میں مثبت تبدیلیاں بھی آئی ہیں اور ہیلتھ کیئر میں اضافہ ہوا ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو آگاہی فراہم کی جائے کہ میڈیکل سے وابستہ تمام افراد عوام کی خدمت میں دل و جان سے کوشاں ہیں ، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ارشد قریشی نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال خطے کے عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور نئے شعبوں کے قیام سے ان سہولیات میں مزید اضافہ ہو گا ، پاکستان یوروگائنا کالوجسٹ ایسوسی ایشن کی صدر پروفیسر پشپا سری چند نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ اس سے نہ صرف گائنی اور یورالوجی کے شعبوں سے وابستہ ڈاکٹر وں کو جدید تحقیق سے آگاہی ملیگی جس سے سروس ڈیلوری میں بڑی بہتری آئیگی ،انہوں نے ساہیوال میڈیکل کالج کے قیام کو خطے میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں سنگ میل قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :