70سالوں میں جوہوتا رہا، اس کیخلاف اعلان بغاوت کرتا ہوں، نوازشریف

اب کسی کوووٹ پرڈاکہ نہیں ڈالنےدیںگے،آج بہاولپورمیں الیکشن سے پہلے ہی الیکشن اورریفرنڈم ہوگیا، بیٹے سے تنخواہ نہیں لی توچھٹی کروادی،تنخواہ لےلیتا توپھرکیا ہوتا؟ آئندہ اقتدارمیں آکرگھردیںگے،بہاولپورمیں میٹروبس چلائیں گے۔بہاولپور میں عوامی جلسہ سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 9 مارچ 2018 18:18

70سالوں میں جوہوتا رہا، اس کیخلاف اعلان بغاوت کرتا ہوں، نوازشریف
بہاولپور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 مارچ 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہاہے کہ 70سالوں میں جوہوتا رہا،اس کیخلاف اعلان بغاوت کرتاہوں،اب کسی کوووٹ پرڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے،آج توالیکشن سے پہلے ہی الیکشن اور ریفرنڈم ہوگیا، بیٹے سے تنخواہ نہیں لی توچھٹی کروا دی،تنخواہ لے لیتا توپھر کیا ہوتا؟آئندہ اقتدار میں آکرگھردیں گے،بہاولپورمیں میٹروبس چلائیں گے۔

انہوں نے آج بہاولپور میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور نے نئی تاریخ رقم کردی،جذبہ دیکھ کربہت خوشی ہوئی ہے۔یہ توالیکشن سے پہلے ہی الیکشن اور ریفرنڈم ہوگیاہے۔اگست 2018ء سے پہلے ہی بہاولپور نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔2018ء میں الیکشن بھی ہوگا اور ریفرنڈم بھی ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مخالفین نے چاربرسوں میں ہمیں کام نہیں کرنے دیا۔

گزشتہ چارسالوں میں دھرنوں اور عدالتوں سے گزرے ہیں۔مسلم لیگ ن نے عوام کے بڑے مسائل حل کردیے ہیں۔بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی۔ہم بجلی لیکرآئے روشنیاں بحال کردیں۔آج صرف ٹیوب ویل نہیں بلکہ بجلی اور کھاد سستی مل رہی ہے۔دہشتگردی اور مہنگائی کی کمرتوڑ کے رکھ دی ہے۔پاکستان میں امن قائم کیا ہے۔کھیتوں تک سڑکیں بنائیں۔انہوں نے کہاکہ اب جب بھی آپ لاہور جائیں گے توآپ کو چھ روریہ موٹروے لاہور لیکر جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ،پی ٹی آئی یاکسی بھی جماعت کانام لیں؟ کسی نے موٹروے بنائی ہے؟ کسی نے بجلی کے کارخانے لگائے ہوں یا کسی نے دہشتگردی کاخاتمہ کیا ہو؟ انہوں نے کہاکہ مجھے شہباز شریف نے خرید لیا ہے۔آئندہ الیکشن میں بہاولپور میں بھی میٹرو بس بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی توچھٹی کروا دی اگرتنخواہ لے لیتا توپھر کیا ہوتا؟ مجھے کہا گیا کہ آپ وزارت عظمیٰ کیلئے نااہل ہو اور اب پارٹی صدارت سے بھی نااہل ہو۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب پرقربان ہے۔دوبارہ اقتدار میں آئے توکوئی بے گھر نہیں رہے گا۔انہوں نے اعلان بغاوت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں 70سالوں کی پالیسیوں سے جوہوتارہامیں اس سے بغاوت کرتاہوں۔اب کسی کوووٹ پرڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔پاکستان اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتا۔جب تک سترسالہ تاریخ تبدیل نہیں ن کریں گے۔

ہمارے اگلے 70سال پچھلے ستر سالوں سے بہتر ہونے چاہئیں۔نوجوان بچوں کومایوس نہیں ہونے دوں گا۔انشاء اللہ آپ کاحق دلاؤں گا۔ملک میں ناانصافی اور ظلم کاخاتمہ کردیں گے۔قائد ن لیگ نے کہاکہ وعدہ کریں کہ میرے قدم سے قدم ملاکرچلیں گے اور آئندہ کسی کوبھی ووٹ کوروندنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ستر سالوں سے ووٹ کوپاؤں تلے روندا گیا۔انہوں نے ووٹ کوعزت دو کے نعرے بھی لگوائے۔