محکمہ زراعت کے زیراہتمام 6 روزہ جڑی بوٹی مکائو مہم کا آغاز

پیر 12 مارچ 2018 23:13

فیصل آباد۔12 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2018ء)حکومت پنجاب کی ہدایات پرمحکمہ زراعت کے زیراہتمام کسانوں کو جڑی بوٹیوں کے نقصانات سے آگاہ کرنے اور ان کے تدارک کیلئے 6 روزہ جڑی بوٹی مکائو مہم کا آغاز ہوگیا ہے اس ضمن میں مہم کی افتتاحی تقریب ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے لائبریری ہال میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے کسانوں کو فصلوں کو جڑی بوٹیوں سے بچائو کے طریقہ کار بارے میں آگاہ کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شبیر افضل وڑائچ،فیلڈ اسسٹنٹس اور کاشتکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ جڑی بوٹیاں مختلف فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار اور معیار میں کمی کا باعث بنتی ہیں اگر جڑی بوٹیوں کی موثر تلفی نہ کی جائے تو کسی بھی فصل کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوسکتی ہے اسی مقصد کے پیش نظر کاشتکاروں کی آگاہی کیلئے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ کے افسران سے کہا کہ وہ مہم کے دوران ہر گائوں تک پہنچ کر کسانوں کو جڑی بوٹی مکائو مہم کے بارے میں آگاہی دیں تاکہ اسے کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے جڑی بوٹیوں کے نقصانات کو مدنظر رکھتے ہوئے جڑی بوٹیاں تلف کرنے کی مہم17 مارچ تک جاری رہے گی اس دوران سیمینارز،واکس کے ذریعے کسانوں اور سول سوسائٹی میں جڑی بوٹیوں کے نقصانات اور ان کی تلفی کی افادیت سے آگاہی پیدا کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار جڑی بوٹیوں کے کیمیائی طریقہ انسداد اپنانے کیلئے قریبی محکمہ زراعتکے عملہ سے رجوع کرسکتے ہیں۔