فیصل آباد چیمبر کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی 2روزہ نمائش میں ملبوسات،پارچہ جات،ہوزری،گارمنٹس ودیگرشعبوں کے درجنوں سٹال لگائے جائیں گے ، ترجمان فیصل آباد چیمبر

پیر 19 مارچ 2018 14:07

فیصل آباد۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی 2روزہ میڈ ان فیصل آباد نمائش میں ملبوسات،پارچہ جات،ہوزری،گارمنٹس اوردیگرشعبوں کے درجنوں سٹال لگائے جائیں گے جبکہ مذکورہ نمائش فیصل آباد کے ٹیکسٹائل و دیگر سیکٹرز کی مصنوعات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کا اہم ذریعہ ثابت ہو گی ۔

فیصل آباد چیمبر کے ترجمان نے بتایاکہ 24مارچ بروز ہفتہ سے ایکسپو سنٹر جوہرٹائون لاہور میں شر وع ہو کر 25مارچ بروز اتوار تک جاری رہنے والی اس ایکسپو کو تمام صنعتی ، کاروباری ، تجارتی ، درآمدی، برآمدی اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔انہوںنے بتایاکہ اس نمائش میں فیصل آباد کے صنعتی ادارے اپنی مصنوعات کی بھر پور نمائش کریں گے جس میں بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی خریداروں ، سرمایہ کاروں اور کاروباری و تجارتی افراد کی شرکت بھی یقینی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ یہ صنعتی نمائش نہ صرف مصنوعات کو متعارف کرانے کا بہترین ذریعہ بلکہ ان کی بدولت معاشی سرگرمیوں اورکاروبار کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لاہور میں منعقدہونے والی اس میڈاِن فیصل آباد نمائش کیلئے جامع انتظامات کئے گئے ہیں جہاں شرکاء صنعتکاروں کو بہترین ماحول اور دیگر انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوںنے بتایاکہ مذکورہ ایکسپو کا انعقاد فیصل آباد کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے ’’میڈاِن فیصل آباد‘‘نمائش میں صنعتکاروں کی بھرپورشرکت کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ صنعتی میدان میں فیصل آباد کو منفرد مقام حاصل ہے اور عوامی دلچسپی کیلئے جدید رحجانات کے مطابق نئی مصنوعات اور پرکشش ڈیزائن متعارف کرائے جارہے ہیں جو کہ اس نمائش کا نمایاں حصہ ہوں گے۔

مزید برآں مذکورہ نمائش میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈیزائنر،۱ٓرٹسٹ، تخلیق کار و ایوارڈز ہولڈر چوہدری عبداللطیف سہو کے تخلیق کردہ پنجابی ثقافت پر مبنی انتہائی دیدہ زیب ثقافتی نمونوں،پگڑیوں، ڈھولنوں،کھونڈوں،لاچوں، کرتوں ،کھسوںو دیگر شہ پاروں کو بھی عوامی دلچسپی کیلئے پیش کیا جائیگا تاکہ پنجابی ثقافت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو پنجاب کے حقیقی کلچر سے متعارف کروایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو جہاں میڈ ان فیصل ۱ٓباد ٹیکسٹائل مصنوعات کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی وہیں کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے میں بھی ایکسپو کا انعقاد معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایکسپو کے شایان شان انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔