محکمہ زراعت نے زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے قابل قدر اقدامات کئے ہیں، ڈپٹی کمشنر

بدھ 21 مارچ 2018 22:39

اوکاڑہ۔21 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت نے زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے قابل قدر اقدامات کئے ہیں کسانوں کی راہنمائی اور جدید طریقہ کاشتکاری کو رائج کرنے میں ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پیداواری لاگت کو کم سے کم سطح پر لایا جا سکے اور کاشتکار خوشحال ہو سکیں محکمہ زراعت،واٹر مینجمنٹ ،لائیو سٹاک ،سوائل فرٹیلٹی لیب سمیت پیسٹ وارننگ کے محکموں کی جو سکیمیں التوا کا شکار ہیں ان کو مکمل کرنے کے لئے متعلقہ افسران اقدامات کریں تاکہ کسانوں کی بہتری کے لئے شروع کئے گئے یہ منصوبے مکمل ہو سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں کسان اتحاد کی نمائندگی میاں محمد فاروق جبکہ کسان بورڈ کی نمائندگی میاں خالد پرویز نے کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مکئی ریسرچ بورڈ پنجاب کے چیئرمین پیر نسیم الدین ،پوٹایٹو بورڈ پنجاب کے چیئرمین چوہدری مقصود احمد جٹ ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری فاروق جاوید ،اسسٹنٹ کمشنر ماہم آصف ملک سمیت ایڈوائزری کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔اجلاس میں ضلع میں آلو،مکئی ،گندم، سورج مکھی کی کاشت کے اہداف حاصل کرنے پر اور ضلع میں ڈی اے پی سمیت کھادوں کے سٹا ک پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں زمین کے 35ہزار 924نمونوں کا تجزیہ کیا گیا ہے ،ڈرپ اری گیشن ،ٹنل فارمنگ ،لیزر لینڈ لیولر کی کاشتکاروں کو سبسڈی پر فراہمی کے منصوبوں کے اہداف بھی حاصل کئے گئے ،کسان بورڈ کے نمائندہ میاں خالد نے ضلع میں واٹر ٹیبل کے نیچے جانے پر درپیش صورتحال سے متعلق حکومت کو آگاہ کئے جانے اور اس کے سد باب کے لئے اقدامات جبکہ کسان اتحاد کے راہنما میاں محمد فاروق نے نہری پانی کو آلودہ کئے جانے اور اس میں سیوریج کے پانی کو شامل کئے جانے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو قانون سازی کرنے سے متعلق تجاویز بھجوانے پر زور دیا ۔