سپریم کورٹ نے دہری شہریت چھپانے والے 147 افسروں کو نوٹس جاری کردیئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 26 مارچ 2018 13:51

سپریم کورٹ نے دہری شہریت چھپانے والے 147 افسروں کو نوٹس جاری کردیئے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26مارچ۔2018ء) سپریم کورٹ نے دہری شہریت چھپانے والے 147 افسروں کو نوٹس جاری کردیا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہاہے کہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کتنے سرکاری ملازمین پاکستانی اور کتنے غیرملکی ہیں۔سرکاری افسران کی دہری شہریت سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

سپریم کورٹ نے 6غیرملکی افسروں کو جبکہ 291افسروں کو بیگمات کی دہری شہریت چھپانے پرنوٹس جاری کیا۔عدالت عظمیٰ کی جانب سے غیرملکی شہریت چھپانے والی خاتون اسما خان کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔سپریم کورٹ نے اپنی اور بیویوں کی شہریت چھپانے والے سرکاری ملازمین کو اخبارات کے ذریعے نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

دہری شہریت چھپانے والے 147 اور 6 غیرملکی افسروں کو بھی نوٹس جاری کیے، عدالت عظمیٰ نے 291 افسروں کو بھی بیگمات کی دہری شہریت چھپانے پر نوٹس جاری کر دیا۔

ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ اب تک کی جمع معلومات کے مطابق ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین ہیں، جن میں سے ایک لاکھ 44 ہزار 848ملازمین کی معلومات درست ہیں۔ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ صوبوں کی طرف سے مکمل معلومات نہیں آئیں، دہری شہریت کے حوالے سے 2 رپورٹ جمع کروائی ہیں، 616 سرکاری ملازمین نے دہری شہریت تسلیم کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ 691 سرکاری ملازمین کی بیویاں دہری شہریت کی حامل ہیں، 147 سرکاری ملازمین یا افسران نے دہری شہریت کو چھپایا، 291سرکاری افسران نے اپنی بیویوں کی دہری شہریت سے متعلق معلومات چھپائیں۔

ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ 6 سرکاری افسران غیرملکی شہریت رکھتے ہیں، ایک خاتون افسر نے اپنی شہریت ظاہر نہیں کی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ دہری شہریت کی معلومات آچکی ہیں، اٹارنی جنرل کو پہلے ہی نوٹس جاری کرچکے ہیں، اٹارنی جنرل بتائیں گے کہ دہری شہریت کے حامل افسران کا کیا ہونا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا کوئی غیرملکی سرکاری ملازمت اختیار کرسکتا ہے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے جواب دیا کہ غیرملکی سرکاری ملازمت نہیں کرسکتا۔سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے عدالت کو بتایا کہ غیرملکی منصوبوں پر آسکتے ہیں لیکن حکومت کی اجازت سے۔عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو دہری شہریت رکھنے والے افسران کی مزید معلومات حاصل کرنے کا حکم دیتے ہوئے 2ہفتوں میں مزید رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے اپنی اور بیویوں کی شہریت چھپانے والے سرکاری ملازمین اور افسران کو اخبارات کے ذریعہ نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ کتنے ملازمین پاکستانی اورکتنے غیر ملکی ہیں۔عدالت نے دہری شہریت چھپانے والے 147 افسروں، 6 غیرملکی افسروں، 291 افسروں کو بیگمات کی دہری شہریت چھپانے پر نوٹس جاری کردیا، جبکہ غیرملکی شہریت چھپانے والی اسماءخان نامی خاتون کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :