سندھ اسمبلی ، پی ٹی آئی نے وزیراعظم کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرادی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چیئرمین سینیٹ اور بلوچستان کے عوام سے معافی مانگیں ،قرارداد میں مطالبہ

بدھ 28 مارچ 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2018ء) چیئرمین سینیٹ سے متعلق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بیان کے خلاف تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی قرارداد پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان نے جمع کرائی اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ثمر علی خان انکے ہمراہ تھے قرارداد میں کہا گیا کہ وزیراعظم چیئرمین سینیٹ اور بلوچستان کے عوام سے معافی مانگیں ۔

وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف ہتک آمیز بیان دیا جو انتہائی قابل مذمت ہے وزیراعظم فوری اپنا بیان واپس لیں۔

(جاری ہے)

قرارداد جمع کرانے کے بعد خرم شیرزمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینٹ کے لئے وزیراعظم کے الفاظ کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں تحریک انصاف نے چھوٹے صوبے کے لئے اقدام اٹھایا تاکہ چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی ختم ہو بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی ہے انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پیپلزپارٹی بھی صادق سنجرانی کو ووٹ دینے کے لئے مجبور ہوئی یہ عمران خان کی کامیاب پالیسی کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی اپنی کوئی عزت نہیں ان کی حکومت نے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کی ہے صادق سنجرانی کے متلعق الفاظ پر وزیراعظم معافی مانگے ووٹ بیچنے والے کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی تحریک انصاف نے ہمشیہ ایوان میں عوام کے مسائل کی نشاندہی کی ہے ۔