73سالہ شخص اپنے بیٹے کو 20سال تک لکڑی کے پنجرے میں قید رکھنے کے الزام میں گرفتار

اتوار 8 اپریل 2018 19:40

73سالہ شخص اپنے بیٹے کو 20سال تک لکڑی کے پنجرے میں قید رکھنے کے الزام ..
ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2018ء)جاپان میں پولیس نے ایک 73سالہ شخص کو اپنے بیٹے کو 20سال تک لکڑی کے پنجرے میں قید رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ۔بی بی سی نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ یوشیٹین یاماساکی نامی اس شخص کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے بیٹے کو اس لیے قید میں رکھا کیوں کہ وہ ذہنی مسائل کا شکار تھا اور کبھی کبھی پرتشدد ہو جاتا تھا۔

اب اس کی عمر 42 برس ہو چکی ہے۔لکڑی کا پنجرہ ایک میٹر اونچا اور تقریباً دو میٹر چوڑا تھا اور اسے یاماساکی نے اپنے گھر کے ساتھ موجود جھوپنڑے میں رکھا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اس شخص کا بیٹا جس کی کمر کم جگہ پر رہنے سے دوہری ہو چکی ہے اب حکام کی تحویل میں ہے اوراس کی دیکھ بھال اب سماجی بہبود کا ادارہ کر رہا ہے۔ایک سرکاری اہلکار کو یاماساکی کے گھر کے دورے کے دوران اس پنجرے کے بارے میں معلوم ہوا جس نے حکام کو مطلع کیا کہ ایک 42شالہ شخص وہاں قید ہے۔

تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ یاماساکی نے اپنے ذہنی مسائل کے شکار بیٹے کو پرتشدد ہونے پر 16سال کی عمر سے ہی قید کر دیا تھا۔اطلاعات کے مطابق یاماساکی نے خود پر لگے الزامات کو تسلیم کر لیا ہے اور حکام کو بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کو روزانہ کھانا دیتا تھا اور ہر دوسرے دن نہلاتا تھا۔